لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی گلوکارہ و اداکارہ سلینا گومز نے ایک اسمارٹ فون گیم بنانے والوں پر بغیر اجازت ان کا چہرہ استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’دی کلوتھس فارایور اسٹائلنگ گیم‘ نامی ایپ میں صارفین اپنی پسندیدہ شخصیات کو تیار کرسکتے ہیں۔اس ایپ میں کم کارڈیشین، ایڈیل اور سلینا گومز جیسی شخصیات سے متاثر ہوکر کارٹونز تیار کیے گئے۔البتہ سلینا گومز نے اس گیم کو بنانے والوں کے خلاف بغیر اجازت ان کی تشہیر کرنے کا مقدمہ دائر کیا ہے۔جبکہ گلوکارہ نے اس مقدمے کی سماعت کی درخواست بھی کی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ایپ اسٹور میں کلوتھس فارایور گیم کو بہترین نیا فیشن گیم قرار دیا گیا۔گیم میں کارڈیشین، جی جی، بیونس اور ٹیلر سوفٹ جیسی شخصیات کے کارٹونز صارفین سے فیشن پر ان کی رائے پوچھتے ہیں۔جس کے بعد گیم میں ان شخصیات کے کارٹونز کو تیار کرنے کا موقع بھی دیا جاتا ہے۔گلوکارہ کی جانب سے دائر کردہ مقدمے میں انہوں نے گیم برانڈ کی جانب سے بھاری رقم ادا کرنے کا مطالبہ کردیا۔گلوکارہ نے الزام لگایا کہ اس گیم میں ان کی 2015 میں کیے ایک فوٹو شوٹ کی تصویر بغیر اجازت استعمال کی گئی۔خیال رہے کہ سلینا گومز گلوکاری و اداکاری سمیت خواتین کے لباس، میک اپ اور کاسمیٹک سمیت دیگر فیشن کی مصنوعات بھی بناتی ہیں، لیکن سلینا گومز نے یہ تمام کاروبار پارٹنر شپ کے تحت شروع کر رکھے ہیں۔سلینا گومز نے دسمبر 2016 میں اسٹارٹ ویورز کے ساتھ فیشن مصنوعات کے کاروبار کی شروعات کی تھی۔