• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت اوور سیز پاکستانیوں کو کرایہ، ہوٹل اخراجات واپس کرے، سراج الحق

لاہور (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ اوورسیز پاکستانیوں سے لیا گیا کرایہ اور ہوٹل کے اخراجات واپس کیے جائیں ۔جماعت اسلامی مشکل وقت میں قوم کے ساتھ کھڑی ہے ۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے جے آئی یوتھ کے صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے سینیٹر سراج الحق کوفون کیا ۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ویڈیو لنک خطاب میں سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اس سے بڑا ظلم کیا ہوسکتا ہے کہ حکومت ملک میں آنے والے مصیبت زدہ شہریوں سے قرنطینہ میں رکھنے کے بھی چارجز وصول کررہی ہے ۔ حکومت ان لوگوں کی مدد کررہی ہے جن کے پاس بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ تھے ۔ لاکھوں لوگ اس امدادی پروگرام میں رجسٹرڈ ہی نہیں ، اصل مستحقین کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔مصیبت کی اس گھڑی میں حکومت کو باہر سے آنیوالوں کی مدد کرنی چاہیے ۔ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو تیز کرنے کیلئے سود کو بالکل ختم کردیا جائے ۔ جے آئی یوتھ کے نوجوان فرنٹ لائن پر آکر قوم کی خدمت کر رہے ہیں ۔ یوتھ ہمارا اصل سرمایہ اور مستقبل ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت اپنی غلطیوں سے سیکھنے کو تیار نہیں اور موجودہ حالات میں بھی قوم سے کیے گئے وعدوں اور اعلانات پر عملدرآمد نہیں کر رہی ۔ ملک میں دیہاڑی دار مزدور ، کسان اور لاکھوں مستحقین حکومتی امداد کے منتظر ہیں لوگوں کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے ، مجبور اور بے بس عوام ایک ایک دن مشکل سے گزار رہے ہیں مگر حکومت ہر روز لوگوں کو نئی امید دلاتی ہے اور اگلے دن مایوسی کے سوا غریبوں کے ہاتھ کچھ نہیں آتا ۔حکومت کی ہر پالیسی ناکامی سے دوچار ہورہی ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن اور جے آئی یوتھ کے لاکھوں رضا کار دن رات شہروں دیہات اور گوٹھوں کے گلی کوچوں میں جا کر عوام کی خدمت کررہے ہیں ۔چودھری شجاعت حسین نے سینیٹر سراج الحق کوفون پر کورونا کے حوالے سے جماعت اسلامی کی ریلیف سرگرمیوں کو سراہا ۔

تازہ ترین