لاہور(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں نے دم کیا تو شہباز شریف گرفتاری سے بچ گئے،گندم کی سبسڈی کا فیصلہ پنجاب میں ہوا، معلوم نہیں نزلہ کس پر گرے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو لاہور ریلوے ہیڈکوارٹرز میں افسران کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے ریلوے کے قُلیوں کو 12 ہزار روپے فی کس دینے کا اعلان بھی کیا۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم چوروں کو نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے آئی ایم ایف کی قسط کو آگے کیا، ورنہ پاکستان ڈیفالٹ ہوچکا ہوتا۔شیخ رشید نے کہا کہ وفاق اور سندھ کی لڑائی کو آگے نہیں بڑھانا چاہیے۔
سندھ کی طرف سے گولہ باری نہیں ہونی چاہیے تھی۔ کل وزیراعظم سے بات کی ہے سارے میڈیا سے صلح کریں ۔انہوں نے عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان بڑھتے فاصلوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین پی ٹی آئی کا اہم ترین آدمی تھا اب کہاں ہے مجھے نہیں پتہ، اگر عمران خان جہانگیر ترین سے فاصلہ کرسکتے ہیں تو باقی ٹیکنو کریٹ وزیر ہلکی پھلکی موسیقی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پی رپورٹ عمران خان نے نکلوائی ہے پھکی سب ملوث وزیروں کو ملے گی اگر اب نہیں ملے گی تو پھر کبھی نہیں ملے گی۔
آئی پی پی کی رپورٹ پہلے ہی عام ہو گئی تھی، عمران خان کو کریڈٹ دیں، رپورٹس نکلی ہیں وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔
چورعمران خان کے دور میں چھوٹ گئے تو پھر کوئی نہیں پکڑا جائے گا، میرے سمیت سارے وزیروں کا نام آئے تب بھی کوئی نہیں بچے گا۔