• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا سے لڑنے والوں کو خراج تحسین، سکھر میں دنیا کا سب سے بڑا سفید پرچم لہرا دیا گیا

پاکستان میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن سولجر کا کردار ادا کرنے والوں کو میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے واکنگ ٹریک پر دنیا کا سب سے بڑا سفید پرچم لہرا دیا۔

 اس موقع پر سکھر کے گراؤنڈ میں ایک رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے قومی ہیروز کو سندھ کی ثقافتی اجرک اور ٹوپی بھی پیش کی گئی۔

 انہوں نے اداروں کے افسران اور شخصیات کے ساتھ مل کر واکنگ ٹریک پر 84×56 سائز اور 50 کلو گرام سے زائد وزن کا دنیا کا سب سے بڑا سفید پرچم لہرایا۔ ان کے ہمراہ پاکستان فوج کے کرنل اکرام، پاکستان رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل عمران، ڈپٹی کمشنر رانا عدیل، ایس ایس پی سکھر عرفان سموں، ڈپٹی میئر طارق چوہان، ایم ایس سول اسپتال سکھر، ڈاکٹرز اور دیگر شعبوں کی شخصیات موجود تھیں۔ 

پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا گیا جبکہ واکنگ ٹریک پر واش بیسن اور واک تھرو سینی ٹائزرز گیٹ بھی نصب کیے گئے تھے۔

 میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے اس موقع پر کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں فرنٹ لائن دستے کا کردار ادا کرنے والے قومی ہیرو ہیں۔ تقریب کے آخر میں جان لیوا وائرس سے نجات کے لئے دعا بھی کروائی گئی۔

تازہ ترین