کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں جو اموات ہوئیں انہیں پہلےہی متعدد بیماریاں تھیں،ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ ہمیں کرنا کیا ہے یہی طے نہیں کر پائے،تحریک انصاف کے رہنما عبدالشکور شاد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نجیب ہارون کو منا لیں گے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈاکٹروں کے بغیر ہم کورونا کی لڑائی نہیں لڑ سکتے۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم نے ایکسپورٹ آرڈرز کی وجہ سے محدود صنعتوں کو اجازت دی ہے جن صنعتوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے ان کے ایس او پیز بھی بنائے ہیں جبکہ انتظامیہ سے انڈر ٹیکنگ بھی لے رہے ہیں اس انڈرٹیکنگ میں انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ تمام ایس او پیز کو فالو کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں گے ۔ تاجروں کو بازار کھولنے کی اجازت ابھی ہم نے نہیں دی ہے تاہم اس حوالے سے میٹنگز ہوئی ہیں ، کمیٹی کی تجاویز وفاقی حکومت سے شیئر کی جانی ہیں اس کے بعد ہی کوئی واضح صورتحال سامنے آسکے گی ۔ ارادہ یہی ہے کہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد پورے ملک میں ایک ہی ایس او پیز کے تحت تمام تاجروں کو کاروبار کی اجازت دی جائے ۔انہوں نے کہا رمضان المبارک میں نماز تراویح اور دیگر نمازوں کی باجماعت ادائیگی کے حوالے سے کہا کہ اس کے لئے انتظامیہ کو ذمہ داری اٹھانا ہوگی کہ تمام تر ایس او پیز مکمل طو رپر فالو ہوں ۔حکومت کوشش کرے گی کہ اس حوالے سے چیکنگ بھی ہوسکے تاہم بنیادی طور پر ہماری کوشش ہوگی کہ عملدرآمد انتظامی کمیٹی کے ذریعے کروایا جائے تاہم ساتھ ہی ہم نے جو ایک 20 نکاتی میمورنڈم جاری کیا ہے اس میں یہ بات لکھی ہوئی ہے کہ اگر دوران رمضان یا کسی موقع پر یہ محسوس ہو کہ ان پر عملدرآمد نہیں ہوپارہا ہے تو اس پالیسی پر نظر ثانی کی جاسکتی ہے ۔