سکھر میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی خاتون ورکر کے شوہر پر احساس کفالت پروگرام کے جعلی فارمز فروخت کرنے کے الزام میں سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس نے ملزم علی ڈنو سے تین فارمز اور پانچ سو روپے نقدی برآمد کرکے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فارمز پر تحریک انصاف سکھر سیکریٹریٹ، کچھ عورتوں کے نام اور موبائل نمبرز درج تھے۔
دوسری طرف پی ٹی آئی کی خاتون ورکر شہلا لغاری کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر پر مقدمہ پیپلز پارٹی کی انتقامی کارروائی ہے۔
شہلا لغاری نے کہا کہ پی ٹی آئی آفس سے ہم سب کو فارم ملے تھےاور 170 فارم دفترمیں جمع کرائے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شوہر کی ضمانت کرالی ہے، ایس ایچ او نے 40 ہزار روپے مانگے تھے ہم نے 15 ہزار روپے دیئے ہیں۔
ایس ایس پی سکھر عرفان سموں کا کہنا ہے کہ احساس کفالت پروگرام میں جعلسازی پر ضلع بھر میں 6 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ تمام تھانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ احساس کفالت پروگرام میں شکایت پر فوری کارروائی کی جائے۔
عرفان سموں نے کہا کہ خاتون سے 15 ہزار روپے لینے کا الزام ثابت ہوا تو ایس ایچ او کیخلاف کارروائی کریں گے۔