بلوچستان ہائی کورٹ نے کورونا کی صورتحال کےپیش نظر ضلعی عدلیہ کے ججوں کو ہدایات پر مبنی سرکلر جاری کردیا، سرکلر میں ڈسٹرکٹ ججز کو سول اورکرمنل نوعیت کے کیسز 5 مئی تک ملتوی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بلوچستان ہائی کورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق کوروناوائرس کی صورتحال اور اس کی روک تھام کےپیش نظر چیف جسٹس ہائی کورٹ کےاحکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ججز کو ہدایت کی گئی ہے کہ صرف ضروری نوعیت کی درخواستوں اور مقدمات کی سماعت کی جائے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنزجج ضروری نوعیت کی درخواستوں کی پیروی کےلئے ایسا میکنیزم بنائیں جس کےتحت کم سے کم افسران اور عملے کو روٹیشن کی بنیاد پر حاضر کیا جائے۔
ہائی کورٹ کی جانب سے فیملی ججز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ خاندانی نوعیت کےمقدمات اور بچوں کی ملاقاتوں کو 5 مئی تک ملتوی کردیں اور ملتوی مقدمات کی اگلی سماعت کی تاریخ وکلاء اورقانونی چارہ جوئی کرنےوالوں کو ارسال کی جائے۔
سرکلر میں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ درخواست گزار پارٹی یا وکیل کی عدم موجودگی میں کوئی ناموافق حکم جاری نہ کیا جائے۔