• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان میں گھر والوں کیلئے دسترخوان سجائیں

رمضان کا مہینہ آتے ہی سحرو افطار کا اہتمام شروع ہوجاتا ہے۔ گھروں میں ذوق و شوق سے انواع اقسام کے کھانے بنائے اور کھائے جاتے ہیں۔ سحری میں پھینی دودھ کے ساتھ بہت پسند کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف طرح کے آملیٹ، کباب، پراٹھا ، لسّی اور ملک شیک سحری کا خاص حصہ سمجھے جاتے ہیں جبکہ پکوڑے، فروٹ چاٹ، دہی بھلے وغیرہ افطاری کی جان ہوتے ہیں۔ 

آجکل موسمی پھل کے لحاظ سے اسٹرابیری، کیلے اور کھجور کا ملک شیک خاص طور سے پیا جارہا ہے۔ خواتین گھر والوں کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے تمام کھانے خاص گھر پر تیار کرتی ہیں۔ سحروافطار میں بنائے جانے والے چندکھانوں اور مشروبات کی ریسیپیز توجہ فرمائیں اور ان کا لطف اٹھائیں۔

پھینی

مکھن کے لئے درکار اجزاء

گھی: آدھا کلو

یونی پف: آدھا کلو

ڈو کے لئے درکار اجزاء

میدہ: آدھا کلو

پانی: ایک کپ یا حسبِ ضرورت

تیل: فرائی کرنے کے لئے

ترکیب:

گھی اور یونی پف کو فرائی پین میں دس منٹ گرم کریں۔ پھر ایک گھنٹہ اسے ٹھنڈا ہونے کے لئے چھوڑ دیں تاکہ مکھن تیار ہوجائے (نوٹ: اگر مکھن سخت ہوجائے تو تھوڑا تیل ڈال کر مکھن کو نرم کر لیں)۔ ڈو بنانے کے لئے میدے میں ایک کپ پانی ڈال کر ڈو گوندھ لیں۔ پانی کم یا زیادہ استعمال کیا جاسکتا ہے، بس ڈو کو نرم ہونا چاہیے۔ ڈو کو ہاتھوں کی مدد سے گولائی میں ڈونٹ کی شکل میں گھمائیں اور اب اس پر مکھن لگائیں اور بیس منٹ کے لئے چھوڑ دیں۔ پھر ہاتھوں سے گولائی میں اس طرح رول کریں کہ چار گول رول بن جائیں۔ اب ان رولز کو پیڑے کے سائز میں کاٹ لیں۔ پھر پراٹھے کے پیڑے کی طرح اس کے پیڑے بنا لیں اور ایک گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد انہیں ہاتھوں سے بیل لیں اور کڑاہی میں تیل گرم کرکے اس میں پھینی ڈال کر فرائی کرلیں۔ لیجیے پھینی گرما گرم دودھ میں کھانے کے لیے تیار ہے۔

جلیبی کی پڈنگ

درکار اجزاء

جلیبی: آدھ پاؤ

دودھ: ایک لیٹر

انڈے:تین سے چار

چینی: آدھی چھٹانک

ایسنس: ضرورت کے مطابق

ترکیب:

انڈوں کو توڑ کر سفیدی اور زردی کو الگ الگ خوب پھینٹیں۔ سفیدی میں چینی ڈال کر دوبارہ پھینٹیں اور کچھ دیر پھینٹنے کے بعد پھینٹی ہوئی زردی کو اس میں ملائیں اور پھینٹنے کا عمل جاری رکھیں۔ اس کے ساتھ ہی دودھ کو چولہے پر چڑھائیں اور اتنا پکائیں کہ وہ آدھا رہ جائے۔ تیار شدہ مادے میں دودھ تھوڑا تھوڑا کر کے ڈالیں اور پھینٹتے رہیں یہاں تک کہ وہ یکجان ہو جائیں۔ اب جلیبیاں ٹکڑے ٹکڑے کر کے اس میں ملا دیں اور کچھ دیر تک ایسے ہی پڑا رہنے دیں۔ کچھ دیر بعد اسے سانچے میں ڈال کر اوون میں پکائیں یا پھر پانی سے آدھی بھری پتیلی میں سانچا رکھ کر چولہے پر چڑھا دیں۔ پڈنگ پکنے اور جمنے میں تقریباً آدھ گھنٹہ لگے گا۔ جب وہ جم جائے تو اس میں ایسنس ڈال دیں اور کھانے کے لیے پیش کریں۔

کھجور کے رول

درکار اجزاء

کھجور: پانچ سو گرام

بادام: آدھا پاؤ (بھنے ہوئے، ثابت)

پستہ: آدھا پاؤ (ثابت)

کھوپرا: ایک سو گرام

الائچی پاؤڈر: ایک چٹکی

ترکیب:

کھجور کی گٹھلیاں نکال کر اوون میں دو منٹ تک گرم کرلیں۔ اب اس میں بادام، پستہ اور الائچی پاؤڈر شامل کرکے رول بنائیں۔ کھوپرے سے گارنش کرکے اسے فریج میں رکھیں۔ جب ٹھنڈا ہو جائے تو ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ لیجیے مزیدار کھجور کے رول تیار ہیں۔

چاکلیٹی کھجور

درکار اجزاء

کھجور: دس اونس

کریم: دو اونس

چاکلیٹ: چار اونس

بادام: دو اونس (ثابت، چھلکے اترے ہوئے)

ترکیب:

کریم کو ہلکی آنچ پر گرم کریں اور پھر چولہے سے ہٹا کر اس میں چاکلیٹ شامل کرکے مکس کریں، یہاں تک کہ چاکلیٹ پگھل جائے۔ پھر اسے ٹھنڈا اور گاڑھا ہونے کے لئے ایک طرف رکھ دیں۔ کھجور کو کاٹ کر اس میں سے گُٹھلی نکال دیں۔ اب چاکلیٹ مکسچر کو پائپنگ بیگ میں ڈال کر کھجور میں بھریں۔ پھر اوپر بادام رکھیں اور فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کرکے گھروالو کو پیش کریں۔

چیز پکوڑے

درکار اجزاء

کاٹیج چیز: ایک کپ

بیسن: ایک پیالی

انڈہ:ایک عدد

چکن کیوب: ایک عدد

سرخ مرچ: چار عدد (باریک کٹی ہوئی)

ہری مرچ: چھ عدد

ہرا دھنیا: حسب ضرورت

میٹھا سوڈا: ایک چٹکی

دہی: ایک چائے کا چمچ

سفید زیرہ: ایک چائے کا چمچ

تیل: حسبِ ضرورت

نمک: حسبِ ذائقہ

ترکیب:

ایک پیالے میں بیسن، انڈہ ، دہی، میٹھا سوڈا، ہرا دھنیا، ہری مرچ، لال مرچ، سفید زیرہ، چکن کیوب اور نمک ڈال کر نیم گرم پانی کے ساتھ اچھی طرح ملائیں۔ اب اس میں کاٹیج چیز شامل کردیں۔ پھر کڑاہی میں تیل گرم کرکے اس آمیزے کے پکوڑے تل لیں۔ جب پکوڑے گولڈن براؤن ہو جائیں تو نکال کر ٹشو پیپر پر رکھ دیں تاکہ چکنائی جذب ہو جائے۔ چیز سے بنے گرم گرم پکوڑے املی کی چٹنی اور کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔

چنے کی دال کے پکوڑے

درکار اجزاء

چنے کی دال: ایک پاؤ

پسی ہوئی سرخ مرچ: ایک چائے کا چمچ

پسا ہوا زیرہ: دو چائے کے چمچ

باریک کٹی ہوئی پیاز: ایک پاؤ

نمک: حسب ذائقہ

ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

کھانے کا سوڈا: آدھا چائے کا چمچ

ہری مرچیں: آٹھ عدد

ہرا دھنیا: حسب ضرورت

تیل: تلنے کے لیے

ترکیب:

چنے کی دال کو پانی میں بھگو دیں۔ جب پکوڑے بنانے ہوں تو پانی نکال کر دال کو اچھی طرح پیس لیں۔ اب اس میں نمک، پسی ہوئی سرخ مرچ، ہلدی، پسا ہوا زیرہ، کھانے کا سوڈا، پیاز، ہرا دھنیا اور ہری مرچیں شامل کر کے اچھی طرح ملالیں۔ اس کے بعد تیل گرم کر کے دال کا آمیزہ تھوڑی تھوڑی مقدار میں پکوڑے کی شکل میں کڑاھی میں ڈالیں اور اچھی طرح تل لیں۔

پالک کے پکوڑے

درکار اجزاء

پالک: آدھی گٹھی

بیسن: ایک کپ

پیاز: دو عدد

ہری مرچ: دو عدد

ہرا دھنیا: آدھا کپ

سفید زیرہ: آدھا چائے کا چمچ

ہلدی: ایک چوتھائی چائے کا چمچ

لال مرچ کٹی ہوئی۔ آدھا چائے کا چمچ

بیکنگ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

تیل: حسب ضرورت

نمک: حسب ذائقہ

ترکیب:

پالک باریک کاٹ لیںاور بیسن میں شامل کریں۔ بیسن میںباقی تمام اجزاءبھی ڈال دیں اور مکس کر کے 15منٹ کیلئے رکھ دیں۔پھر تیل گرم کریں اور پکوڑے ڈیپ فرائی کرلیں۔ لیجیے مزیدار پالک کے پکوڑے تیار ہیں۔

چکن قیمہ پکوڑے

درکار اجزاء

چکن:250 گرام

انڈے: دو عدد

بیسن: دو کھانے کے چمچ

پسی ہوئی لال مرچ: ایک چائے کا چمچ

کٹی ہوئی ہری مرچ: دو عدد

ہلدی: ایک چوتھائی چائے کا چمچ

بیکنگ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

نمک: ایک چائے کا چمچ

کٹا ہرا دھنیا: حسب ضرورت

چاٹ مسالہ: آدھا کھانے کا چمچ

باریک کٹی ہری پیاز: آدھا کپ

ترکیب:

بیسن، بیکنگ پاؤڈر، پسی ہوئی لال مرچ، ہلدی، نمک، پانی، باریک کٹی چکن، کٹی ہری مرچ اور کٹا ہرا دھنیا ڈال کر ایک پیالے میں مکس کرکے30منٹ کے لیے رکھ دیں۔ اب پین میں تیل گرم کر کے اس کو پکوڑے کی شکل میں خستہ اور گولڈن ہونے تک فرائی کر لیں۔ یوں لذیذ چکن قیمہ پکوڑے تیار ہوجائیں گے۔

فروٹ چنا چاٹ

درکار اجزاء

سفید چنے: ایک پاؤ

سیب : ایک پاؤ

امرود: ایک پاؤ

کیلے:6عدد

لیموں کا رس: حسبِ ضرورت

نمک: حسب ضرورت

لال مرچ:چائے کا چوتھائی

کالی مرچ: ایک چٹکی

چینی: ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

چنے گلا لیں اور سیب چھیل کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر لیں۔ ساتھ ہی امرود کے بھی ٹکڑے کر لیں جبکہ کیلے کے گول قتلے بنا لیں۔ پیالے میں تمام پھلوں کو ڈالیں اور پھر لیموں کا رس ڈال کر ملائیں۔ چنے گلا کر اس میں شامل کرد یں اور حسب ذائقہ نمک مرچ ڈالیں۔ اب چینی ڈالیں اور تمام چیزوں کو ایک بارپھر اچھی طرح مکس کر یں۔لیجیے چنا چاٹ پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

تربوز سیلڈ

درکار اجزاء

تربوز: ایک عدد

لیموں: – دو عدد

پودینہ: چند پتے

کٹی کالی مرچ: آدھا کھانے کا چمچ

ادرک: – دو کھانے کے چمچ

پیاز: – ایک عدد

کھیر: ایک عدد

شہد: – دو کھانے کے چمچ

چینی: – دو کھانے کے چمچ

نمک: حسب ذائقہ

ترکیب:

تربوز کے چھوٹے چھوٹے چوکور ٹکڑے کاٹ کر بیج نکال لیں۔ پھر ایک پیالے میں تربوز ڈال کر فریج میں رکھ دیں تاکہ ٹھنڈا ہو جائے۔ اب فرائنگ پین میں شہد، لیموں کا رس، چینی اور حسبِ ذائقہ نمک ملاکر کیریمل سوس بنائیں اور اس میں ادرک ملا دیں۔ پھر اسے تربوز کے اوپر چاروں طرف ڈالیں اور کالی مرچ چھڑک دیں۔ اس کے بعد پودینے کے چند پتے ڈال کر سب چیزیں ملالیں۔ آخر میں اسے آدھے گھنٹے فریزر میں رکھنےکے بعد پیش کریں۔

غلافی کباب

درکار اجزاء

قیمہ: آدھا کلو

شملہ مرچ: ایک عدد

ٹماٹر( کیوبز): ایک عدد

بریڈ سلائس: ایک عدد

ہری مرچ(باریک کٹی ہوئی): چھ عدد

تیل: ایک چوتھائی کپ

پیاز: آدھا کپ

ادرک: ایک انچ کا ٹکڑا

گرم مسالہ: ایک چائے کا چمچ

نمک: ایک چائے کا چمچ

ادرک لہسن کا پیسٹ: ایک کھانے کا چمچ

لیموں کا رس: ایک کھانے کا چمچ

کاجو کا پیسٹ: ایک کھانے کا چمچ

ہرا دھنیا: دو کھانے کے چمچ

ملائی: دو کھانے کے چمچ

ترکیب:

قیمے میں شملہ مرچ، ٹماٹر، بریڈ سلائس، ہری مرچ، پیاز، ادرک، گرم مسالہ ، نمک، ادرک لہسن پیسٹ، لیموں کا رس، کاجو کا پیسٹ، کٹا ہرا دھنیا اور ملائی اچھی طرح مکس کریں اور کباب بنا لیں۔ اب پین میں تیل گرم کر کے کباب فرائی کریں۔ آخر میں انہیں چٹنی کے ساتھ کھانے کے لیے پیش کریں۔

شاشلک اسٹکس ود رائس

درکار اجزاء

چکن (بون لیس):250گرام (کیوبز میںکی شکل میں)

لہسن پیسٹ: ایک چائے کا چمچ

ادرک پیسٹ: آدھا چائے کا چمچ

نمک: حسب ذائقہ

لال مرچ( پاؤڈر): آدھاچائے کا چمچ

چائینز نمک: آدھاچائے کا چمچ

سویا سوس: ایک کھانے کا چمچ

چلی سوس: ایک کھانے کا چمچ

تل کا تیل: دو چائےکے چمچ

ٹماٹر (کیوبز): ایک عدد

شملہ مرچ (بڑی): ایک عدد

پیاز: ایک عدد

تیل: حسب ضرورت

چاول: ایک کپ (اُبلے ہوئے)

لہسن پیسٹ: ایک چوتھائی چائے کا چمچ

چائینز نمک: ایک چٹکی

چکن پاؤڈر: ایک چائے کا چمچ

نمک اور سیاہ مرچ پاؤڈر:حسب ذائقہ

ترکیب:

ایک پیالے میں چکن، لہسن پیسٹ، ادرک پیسٹ ، نمک، لال مرچ پاؤڈر، چائینز نمک، سویا سوس، چلی سوس اورتل کا تیل ڈال کر مکس کریں۔ چار گھنٹوں تک میرینیٹ ہونے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس کے بعد سوس پین میںایک کھانے کا چمچ تیل گرم کریں۔ اس میں لہسن پیسٹ، چائینز نمک اور چکن پاؤڈر ڈال کر چمچ ہلائیں۔ اب چاول ،نمک اور سیاہ مرچ پاؤڈر ڈال کر فرائی کریں اور پھر چاولوں کو مولڈ میں نکال کر سیٹ ہونے کے لیے رکھ دیں۔

شاشلک میں میرینیٹ کئے ہوئے گوشت کے کیوبزٹماٹر، پیاز اور شملہ مرچ کے کیوبز کے ساتھ ترتیب سے پروکر شاشلک اسٹکس تیار کر لیں۔ نان اسٹک فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے اس میں اسٹکس کو مسلسل پلٹتے ہوئے فرائی کریں تاکہ گوشت اچھی طرح گل جائے۔ سرونگ ڈش میں شاشلک اسٹکس رکھیں اور مولڈ میں رکھے ہوئے چاولوں کو ڈش میں ڈال کر سیٹ کریں۔ شاشلک اسٹک ود رائس کو افطار کے دستر خوان کا حصہ بنائیں۔

کچی لسّی

گرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے اور کئی علاقوں میں گرمی اپنا زور دکھا رہی ہے۔ موسم شدید گرم ہو تو پانی کی کمی اور پیاس کی شدت محسوس ہوتی ہے جس کو کم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کیا جاتا ہے۔ گرمیوں میں لسّی کا استعمال کافی عام ہے، یہ جگر کو ٹھنڈک پہنچاتی ہے اور گرمی کی شدت کو کم کرتی ہے۔ اب تو مختلف فلیورز کی لسّی بھی خاص طور سے پسند کی جارہی ہے۔ تاہم آج ہم آپ کے لیے ٹھنڈی ٹھنڈی کچی لسّی کی ترکیب لائے ہیں۔

درکار اجزاء

دہی: آدھا کلو

دودھ: ایک کپ

بُھنا ہوا زیرہ : ایک چائے کا چمچ

کالی مرچ : ایک چائے کا چمچ

نمک: حسبِ ذائقہ

برف : حسبِ ضرورت

ٹھنڈا پانی: آدھا کپ

ترکیب:

تمام اجزاء کو بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کرلیں اور پھر مزیدار ٹھنڈی کچی لسّی گلاس میں نکال کر پیش کریں۔ گرمی کے موسم میں کچی لسّی کا استعمال جسم کا درجہ حرارت نارمل رہتا ہے۔

تربوز کا شربت

جب جسم میں پانی کی مناسب مقدار برقرار رکھنے اور ٹھنڈک پہنچانے کی بات ہو تو تربوز سے بہتر کیا ہوسکتا ہے۔ اس مزیدار پھل کا 92 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے اور یہ صحت کے لیے بھی انتہائی فائدہ مند ہے۔ اس کا صرف ذائقہ ہی زبردست نہیں ہوتا بلکہ اس میں متعدد قدرتی اجزاءجیسے وٹامن اے، بی سکس اور سی، پوٹاشیم، لائیکوپین اور دیگر موجود ہوتے ہیں۔ تربوز میں وٹامن سی کی بہت زیادہ مقدار پائی جاتی ہے جس سے انسان کی جِلداور بینائی اچھی رہتی ہے۔ تربوز میں فائبر کی اچھی مقدار پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے یہ نظام انہضام کے لئے بہت مفید ہے۔ صبح کے وقت خالی پیٹ اگر تربوز کھایا جائے تو یہ سارا دن آپ کو تروتازہ رکھے گا۔ آج ہم آپ کے لیے مشہور زمانہ تربوز کے شربت کی ریسیپی لائے ہیں۔

درکار اجزاء

تربوز: – دو کپ (ٹکڑوں میں کٹا ہوا)

پانی: – حسبِ ضرورت

لیموں کا رس: – ایک کھانے کے چمچ

لال سیرپ: – ایک چائے کا چمچ

چینی: – حسبِ ضرورت

برف کے ٹکڑے: – حسبِ ضرورت

لیموں اور پودینے کے پتے: گارنشنگ کے لئے

ترکیب:

بلینڈر میں تربوز ڈال کر تھوڑے سے پانی کے ساتھ بلینڈ کرلیں۔ پھر اسے کسی برتن میں نکال کر چھان لیں۔ پھر اس میں لیموں کا رس، لال سیرپ اور چینی شامل کریں ۔آخر میں لیموں، پودینے کے پتے اور برف کے ٹکڑوں کے ساتھ گلاس میں ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔ لیجیے مزیدار تربوز کا شربت پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

تھاول

درکار اجزاء

بادام:25 گرام

چار مغز:25 گرام

ثابت کالی مرچ:ایک چائے کا چمچ

الائچی:4سے5 عدد

ثابت زیرہ:ایک چٹکی

خشخاش:ایک چائے کا چمچ

تِل:4 کھانے کے چمچ

برف:حسبِ ضرورت

چینی:حسبِ ضرورت

ململ کا کپڑا: ایک عدد

ترکیب:

گرائینڈر میں پہلے بادام، چار مغز، ثابت کالی مرچ، الائچی، ثابت زیرہ، خشخاش، تلِ، چینی اور برف ڈال کر پیس لیں اور پھر ململ کے کپڑے میں ڈال کرایک پوٹلی بنا لیں۔ اب اسے ایک جگ پانی میں ڈال کر اچھی طرح سے عرق نکال لیں۔ جب یہ تیار ہوجائے تو گلاس میں نکال کربرف ڈالیں اور گھر والوں کو پیش کریں۔

تازہ ترین