گلاسگو (نمائندہ جنگ) اسکاٹ لینڈ کے معروف سماجی و سیاسی رہنما ڈپٹی ٹو لارڈ میئر گلاسگو کونسلر حنیف راجہ نے کہا ہے کہ جنگ پبلیکشنز کے سربراہ میر شکیل الرحمٰن کے ساتھ نیب جو سلوک کررہی ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے جس سے بیرون ملک پاکستان کے نظام انصاف پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ 44دن ہوگئے ہیں ان کو جیل میں رکھا ہوا ہے اور ابھی تک ان کے خلاف نہ تو کوئی ایف آئی آر کاٹی گئی ہے نہ ہی مقدمہ عدالت میں پیش کیا گیا ہے ۔یہ ایک طرح کی اندھیرنگری ہے۔ میر شکیل الرحمٰن کے تمام اداروں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا ہے، یہ لوگ پاکستان کے محسن ہیں، میں وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اگر میرشکیل الرحمٰن کے خلاف کوئی چارجز ہیں تو ان کو عدالت میں پیش کرکے مقدمہ چلایا جائے۔ وہ نیب کے ساتھ مکمل تعاون کررہے تھے، ان کو فوراً رہا کیا جائے۔ وہ پہلے کی طرح دوران مقدمہ نیب سے مکمل تعاون کریں گے ،اس طرح بلاجواز انہیں جیل میں رکھنا کسی طور پر بھی مناسب نہیں۔