وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ 6 ہزار ارب کی کرپشن کے معاملے پر پیر ہو یا فقیر، وزیر ہو یا مشیر جو بھی ہو گا سب رگڑے جائیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ آئی پی پیز اور دیگر رپورٹ منظر عام پر لانے کا کریڈٹ عمران خان کو دیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جو سوچ کے آئے تھے اس کا سیاسی جنازہ نکل گیا، شہباز شریف کی اپنی بھتیجی کے ساتھ نہیں بنتی۔
شیخ رشید نے کہاکہ شہباز شریف کی بھتیجی کہتی ہیں کہ پارٹی صدر شاہد خاقان عباسی کو بنا دیں، شہباز شریف کے راستے محدود نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زرداری سمجھدار آدمی اور چھٹا بحری بیڑا ہیں اس لیے گھونسلے میں چلے گئے ہیں، زرداری کو پتہ ہے کہ یہ دو تین مہینے سیاست کے نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: شیخ رشیدکی پہلے روزے پر صحافیوں کیلئے دعوتِ افطار
وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ یقین جانیں آصف زرداری کے 40 فیصد معاملات ٹھیک ہو گئے ہیں، البتہ شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے، ان کا بچنا مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو پتہ ہے کہ ان کا کیس سیریس ہے، اس لیے ڈرامے نہ کریں، شہبازشریف نے وہی راستہ اختیار نہ کیا جس سے ہمیشہ بچتے آئے ہیں تو پھر جی کا جانا ٹھہر گیا ہے۔