• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاقبت نااندیش اپوزیشن آجکل بھی سیاست سے باز نہیں آئی، عثمان بزدار

عاقبت نااندیش اپوزیشن آجکل بھی سیاست سےبازنہیں آئی،عثمان بزدار


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عاقبت نااندیش اپوزیشن وبا کے دنوں میں بھی سیاست سے باز نہیں آئی، اپوزیشن رہنما قومی اتحاد اور یکجہتی کو پارہ پارہ کر رہے ہیں، وبا کے دنوں میں نفاق پھیلانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت کورونا مریضوں کا علاج معالجہ کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو اپریل سے اضافی تنخواہ دے گی۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں کا رویہ روٹی کی بجائے کیک کھانے کا مشورہ دینے والی ملکہ جیسا ہے، خود کو احتساب کے لیے قانون کے سامنے پیش نہ کرنے والے دوسروں کو انصاف کا لیکچر دے رہے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ قانون کے کٹہرے میں خود کو آتا دیکھ کر سابق حکمران خوفزدہ ہیں، کئی دہائیوں تک اقتدار کے مزے لوٹنے والے قوم کو مضبوط ہیلتھ سسٹم نہ دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمران اپنے دور میں تجربے اور ڈرامے رچاتے رہے، قوم کو اچھی تعلیم اور صحت کی ضرورت تھی اور یہ کرپشن کے مینار اٹھاتے رہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی، کیا ماضی کے حکمران ایسی ایک بھی مثال پیش کر سکتے ہیں؟

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پہلی ترجیح عوام کو کورونا سے بچانا ہے، باقی معاملات چلتے رہیں گے، کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر اسٹاف کو سلام پیش کرتے ہیں اور کورونا پر قابو پانے تک ڈاکٹروں اور طبی عملے کو اضافی تنخواہ ملتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کا نام تاریخ  میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، جنہوں نے حقیقی مسیحا ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

تازہ ترین