• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکار کی مجال کہ 18ویں ترمیم کو چھیڑے، اسفندیار ولی

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ اسفندیار ولی نے کہا ہے کہ 3 ووٹوں کی اکثریت والی سرکار کی کیا مجال کہ وہ تاریخی 18ویں آئینی ترمیم کو چھیڑے؟

ایک بیان میں اسفندیا ولی نے کہا کہ اپنوں کے کرتوتوں پر پردہ ڈالنے کےلیے 18 ویں ترمیم میں رد و بدل کا شوشہ چھوڑا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپتان چاہ کر بھی آٹا اور چینی کمیشن سے اپنے انویسٹرز کو نہیں بچاسکتے ہیں۔

اسفندیار ولی نے مزید کہا کہ اے این پی کسی صورت 18 ویں ترمیم میں رد و بدل برداشت نہیں کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے حصے سے کٹوتی بھی 18 ویں ترمیم پر حملہ تصور ہوگا، ہم یہ اختیار کسی کو نہیں دیں گے کہ وہ صوبوں کا حصہ کم کریں۔

اے این پی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم اوراین ایف سی ایوارڈمیں ردوبدل یا اس کاخاتمہ بچوں کا کھیل نہیں، ترمیم سے چھیڑچھاڑ پاکستان کی آنے والی نسلوں سے زیادتی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم پاکستان کے اتحاد اور حفاظت کی ضامن ہے، اے این پی اس کے دفاع میں ہر حد تک جانے کو تیار ہے۔

اسفندیار ولی نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی اور صوبوں کی خودمختاری ہماری اولین ترجیح ہے، اٹھارویں ترمیم کےحوالے سے کوئی بھی قدم اٹھایا گیا تو یہ پاکستان کیخلاف سازش ہوگی۔

تازہ ترین