جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے نان ایشوز اٹھا رہی ہے، حکومت نان ایشوز کھڑے کرنے کی بجائے عوام کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دے۔
سینیٹر سراج الحق نے لاہور سے جاری ایک بیان میں کہا کہ رمضان شروع ہوتے ہی مہنگائی کے طوفان نے لوگوں کے اوسان خطا کردیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں سو فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔
دوسری طرف فلسطین کی تنظیم ’’حماس‘‘ کے سربراہ خالد مشعل نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کو فون کیا اور جماعت اسلامی کے خارجہ امور کے ناظم عبد الغفار عزیز کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان سمیت پورا عالم اسلام اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنا عالم اسلام کے ہر مسلمان پر فرض ہے۔