چین کی کمیونسٹ پارٹی نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں حمایت کرنے پر اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔
خط چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ نے ارسال کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں چین کی حمایت اور یک جہتی کے اظہار پر شہباز شریف اور نون لیگ کی شکر گزار ہے۔
چینی کمیونسٹ پارٹی کے خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس نے تمام ممالک میں عوام کی صحت وسلامتی کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے، چین کی حمایت میں پاکستانی معاشرے کی طرف سے دل چھو لینے والے واقعات سامنے آئے ہیں۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ چین کی معیشت اور معاشرہ معمول پر واپس آ رہے ہیں، زندگی اور پیداوار تیزی سے بحال ہو رہی ہے، اس عمل میں حفاظت اور بچاؤ کے اقدامات مستقل بنیادوں پر لاگو کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: ’حتمی رپورٹ نہ آنا عمران نیازی کا اعترافِ جرم ہے‘
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنی استعداد کے مطابق ممالک کی مدد کی اور وائرس کے خاتمے کے لیے وسیع تعاون کیا، ہم کورونا کی وباء کے انسداد کے لیے تعاون پر مبنی اقدامات کرتے رہیں گے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ نے اپنے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف پوری عالمی برادری کو متحد ہو کر کام کرنا ہو گا۔