جموں و کشمیر تحریکِ حقِ خودارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارۂ پاکستان) کی جانب سے رادھرم کی میئر کونسلر رخسانہ اسماعیل اور بریڈفورڈ کے لارڈ میئر کونسلر محمد شفیق کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں برطانیہ بھر سے سیاسی، سماجی اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ شرکاء میں برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین، سابق ججز، میئرز، کونسلرز، خواتین تنظیموں کی نمائندگان اور نوجوان کمیونٹی کارکنان شامل تھے۔
مہمانانِ خصوصی میں برطانوی وزیرِ اعظم کے تجارتی ایلچی اور رکن پارلیمنٹ محمد یاسین اور کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے چیئرمین بیرسٹر عمران حسین شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رادھرم کی میئر کونسلر رخسانہ اسماعیل نے اپنی ذاتی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے نوجوان نسل کو پیغام دیتے ہوئے کہا میرے پاس کوئی ڈگری نہیں، لیکن محنت، خدمت اور عزم میری ڈگریاں بنیں اور آج میں میئر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زبان، کلچر اور شناخت پر فخر ہونا چاہیے، کیونکہ یہی ہماری اصل طاقت ہے۔ انھوں نے مزید کہا جب ہم ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں تو ہماری کمیونٹی صرف ہمسایوں کا مجموعہ نہیں رہتی، بلکہ ایک مضبوط خاندان میں بدل جاتی ہے۔
راجہ نجابت حسین نے شرکاء کو تحریکِ حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور مسئلہ کشمیر کے پرامن اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ حل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو تحریک کا فعال حصہ بننے کی دعوت بھی دی۔
تقریب کے دوران ڈاکٹر تیمور شفیق اور نصرت حسین کو کمیونٹی خدمات کے اعتراف میں خصوصی شیلڈز سے نوازا گیا، جسے شرکاء نے بھرپور انداز میں سراہا۔