ممبر صوبائی اسمبلی سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ صرف لاڑکانہ میں نہیں پوری دنیا میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سہیل انور سیال نے سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کی، اس دوران ایک صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ لاڑکانہ میں کورونا کیسز پر کیا کہیں گے؟ جس پر سہیل انور سیال نے جواب میں کہا ہے کہ صرف لاڑکانہ میں نہیں پوری دنیا میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے۔
سہیل انور سیال سے صحافی کی جانب سے مزید سوال کیا گیا کہ سندھ میں راشن تقسیم کے حوالے سے درخواست دائر کی جاچکی ہے جس پر انہوں نے جواب میں کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرادی گئی ہے۔
سہیل انور سیال کا عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر سندھ بھر میں جاری لاک ڈاؤن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بزنس وغیرہ ہر چیز دوبارہ شروع ہوسکتی ہے زندگی دوبارہ نہیں مل سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے وزیروں کو ہٹا رہے ہیں۔