تحریک آزادی جموں کشمیر کے قائد اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ جناب امان اللّہ خان مرحوم کی چوتھی برسی کے موقع پر لبریشن فرنٹ یورپ زون کی جانب سے آن لائن سیمینار منعقد کیا گیا۔
سیمینار میں دنیا بھر سے لبریشن فرنٹ کے قائدین کی شرکت کی اور امان اللہ خان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
امان اللہ خان مرحوم ریاست جموں کشمیر کی وحدت کی علامت اور آزادی کی جدوجہد کا استعارہ تھے۔ منقسم و محکوم ریاست جموں کشمیر کی وحدت کی بحالی اور مکمل آزادی و خودمختاری کی جدوجہد کیلئے مرحوم رہنما کی چھ عشروں سے زائد پر پھیلی طویل جدوجہد پوری قوم کیلئے مشعلِ راہ ہے۔
مرحوم قائد نے زندگی بھر کبھی بھی قومی خودداری، سیاسی رواداری، سیکولر اور جمہوری قدروں سے انحراف نہیں کیا۔ امان اللہ خان مرحوم کے ادھورے مشن کی تکمیل لبریشن فرنٹ کے ہر کارکن کا نصب العین ہے۔
سیمینار سے لبریشن فرنٹ کے سفارتی شعبہ کے سربراہ پروفیسر ظفر خان، ساجد صدیقی، ڈاکٹر توقیر گیلانی، تنویر چودھری، تحسین گیلانی، شفیق ملک، رفیق ڈار، پروفیسر عظمت خان، افتخار چودھری، راجہ مظفرخان اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے بانی اور سپریم ہیڈ جناب امان اللہ خان مرحوم کی چوتھی برسی اندرونِ ریاست اور دنیا بھر میں جہاں بھی لبریشن فرنٹ کے یونٹس موجود ہیں، عقیدت و احترام اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منائی جا رہی ہے کہ امان اللہ خان مرحوم کے ادھورے مشن آزاد، خودمختار، جمہوری اور سیکولر ریاست جموں کشمیر کے قیام تک مرحوم کی جدوجہد کو ہر حال میں جاری رکھا جائے گا۔
عالمی کورونا وبا کے باعث دنیا بھر میں موجود لبریشن فرنٹ کے کارکنان اپنے قائد کی برسی کی تقریب عالمی لاک ڈاؤن کی ہدایات کے مطابق محدود نوعیت کے اجتماعات کے ذریعے منا رہے ہیں۔
ان تقریبات میں مرحوم کی طویل قومی خدمات پر ان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون نے اپنے مرحوم قائد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک آن لائن سیمینار کا انعقاد کیا۔
سیمینار میں بھارت اور پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاوہ یورپ، برطانیہ، امریکہ اور خلیجی ممالک سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی اور زونل قائدین نے شرکت کی۔
سیمینار کی میزبانی کے فرائض جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے صدر تنویر چودھری اور ان کی ٹیم نے انجام دیے۔ سیمینار کو فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے براہِ راست ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے قائدین نے مرحوم امان اللّہ خان کی قومی، تحریکی و تنظیمی خدمات پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امان اللّہ خان مرحوم صحیح معنوں میں ریاست جموں کشمیر کی وحدت کی علامت تھے۔
انہوں نے کہا کہ امان اللہ نے منقسم ریاست کے ہر حصے اور دنیا بھر میں ریاست جموں کشمیر کی آزادی و خودمختاری کی جدوجہد منظم کی اور دنیا کے سامنے مردہ مسئلہ جموں کشمیر کو دوبارہ زندہ کرتے ہوئے اسے اقوامِ متحدہ سمیت دنیا کے ہر فورم پر اٹھایا اور اپنی محکوم و مظلوم قوم کا مقدمہ لڑا۔
مقررین نے کہا کہ امان اللہ خان نے ریاست کی جغرافیائی وحدت کے ساتھ ساتھ منقسم قوم میں وحدتِ فکر و عمل پیدا کرنے کیلئے زندگی بھر سنجیدہ اور اہم کوششیں کیں جن کے باعث منقسم ریاست کے تمام حصوں کے سیاسی و تحریکی مکاتبِ فکر ایک نقطے پر جمع ہوتے رہے اور ریاست کے عوام کے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حصول کیلئے مشترکہ آواز اٹھاتے رہے۔
مقررین نے کہا کہ امان اللہ خان کی پوری زندگی خودی و خودداری، سیاسی رواداری، جمہوری اور سیکولر اصولوں اور روایات کی پاسداری، جہد مسلسل، ایمانداری اور حب الوطنی کا عظیم نمونہ تھی اور انہوں نے ساری زندگی اپنے قول و فعل اور گفتار و کردار میں کہیں کوئی فرق نہیں آنے دیا۔
یہی وجہ ہے کہ ریاست کے تمام حصوں میں انہیں یکساں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا گیا اور ان کے ماننے والے نہ صرف ریاست کے تمام حصوں میں بلکہ دنیا بھر میں جہاں بھی ریاست کے لوگ موجود ہیں انکی جدوجہد اور افکار کو لے کر ریاست جموں کشمیر کے عوام کی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کی جدوجہد کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا قیام، خودمختار ریاست جموں کشمیر کے نظریے کو مقبول عام بنانے کیلئے طویل اور صبر آزما جدوجہد، ریاست کی آزادی کیلئے سفارتی و عسکری محاذوں پر جدوجہد کا آغاز، ریاست کو تقسیم کرنے والی منحوس اور خونی سیز فائر لائن پر لگاتار ہلے بولنا، مسئلہ جموں کشمیر کے حل کیلئے پرامن، غیر جانبدارانہ، مستقل اور مسئلہ سے جڑے تمام فریقین کیلئے واحد قابلِ عمل و قابلِ قبول فارمولے کی تشکیل، مختلف مکاتب فکر کے درمیان ریاست گیر سطح پر اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کیلئے آرپار الائنسز کے قیام اور مسئلہ جموں کشمیر کو دنیا کے ہر ایوان تک پہنچانے کیلئے بے پناہ تحریری خدمات امان اللہ خان کے وہ عظیم کارنامے ہیں جن پر ریاست کا ہرمحب ریاست باشندہ ان کا احسان مند ہے اور ان پر فخر کرتا ہے۔
لبریشن فرنٹ کے قائدین نے کہا کہ امان اللہ خان کا بنایا ہوا اور تعمیر کیا ہوا عظیم کارواں آج اپنے مبحوس قائد جناب محمد یٰسین ملک کی جرات مندانہ اور ناقابلِ مصالحت قیادت میں تیزی سے ریاست کے عوام کی مشترکہ و حتمی منزل آزاد و خودمختار اور خوشحال ریاست جموں کشمیر کے حصول کی جانب گامزن ہے۔
اس قافلے کی تمام تر قیادت قربانی، جہد مسلسل، صبر و استقامت اور بے لوث حب الوطنی کے جذبات سے سرشار ہو کر اپنی محکوم و مظلوم قوم کی رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔
لبریشن فرنٹ کے قائدین نے عالمی برادری اور دنیا بھر کی امن دوست اور آزادی پسند اقوام سے اپیل کی کہ وہ ریاست جموں کشمیر کے عوام سے کیے گئے وعدوں اور عالمی معاہدوں پر عمل درآمد کرواتے ہوئے ریاست جموں کشمیر کے تمام حصوں بالخصوص بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور شہری و شخصی آزادیوں کی بدترین پامالیوں کو رکوائے اور بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں مودی حکومت کے غیر انسانی فوجی و عدالتی جبر کا خاتمہ کرواتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے چئیرمین محمد یٰسین ملک، دیگر آزادی پسند رہنماؤں و کارکنان اور ہزاروں بے گناہ عام شہریوں کو رہا کروائے۔
ریاست جموں کشمیر کو تقسیم کرنے والی منحوس خونی لکیر پر گولہ باری اور ریاست کے عوام کا قتلِ عام بند کرواتے ہوئے سیز فائر لائن پر فوری طور پر اقوام متحدہ کی امن فوج کو تعینات کیا جائے تاکہ ریاست کے تمام حصوں سے افواج کے انخلاء کے مرحلے کا آغاز ہو اور ریاست کو دوبارہ متحد کر کے ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ ریفرنڈم کے ذریعے مسئلہ جموں کشمیر کو مستقل حل کیا جا سکے۔
آن لائن سیمینار میں بھارتی مقبوضہ کشمیر و آزاد کشمیر سے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ساجد صدیقی، مرکزی ترجمان رفیق دار، سید شوکت جعفری، منظور خان، اریان خان اور سعد انساری ایڈوکیٹ، برطانیہ سے سفارتی شعبے کے سربارہ پروفیسر ظفر خان، زونل صدر تحسین گیلانی، پروفیسر عظمت خان، طارق شریف، صابر گل، ابرار نثار، سردار حفیظ خان، سردارگلفراز خان، حارث سلیم، صغیر خان، سوداگر خان، جاوید رشید، امریکہ سے لبریشن فرنٹ فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے شرکت کی۔
آن لائن سیمینار میں راجہ مظفر خان، چودھری افتخار، سعودی عرب سے لبریشن فرنٹ گلف زون کے کنوینر ملک شفیق، سید انتظار نقوی، انجینئر عامر چشتی، راشد منیر، فن لینڈ سے لبریشن فرنٹ یورپ زون کے صدر تنویر چوہدری ، حافظ مظہر اقبال نعیمی، قیصر اعجاز، ملک ندیم، عارف یعقوب، شہزاد شبیر، محمد کاشف، سہیل امین، بیلجیم برسلز سے چوہدری مشتاق دیوان، شبیر احمد جرال، محمد اشفاق قمر، مسعود اقبال میر، نقاش مشتاق، عرفان بٹ، عمران خان، ظہیر جرال، ندیم خان، ملک ارشد، ملک سلیم، خواجہ سجاد وانی، ماسٹر غضنفر علی، فرانس سے ظفر اقبال پاشا، چوہدری نعیم، عدنان خورشید، سپین سے سید کاظم شاہ، محبوب حسین شاہ، خواجہ جاوید اختر، سویڈن سے ڈاکٹر عارف کسانہ، جاوید کشمیری، ناروے سے اشفاق پیرزادہ، اٹلی سے دلشاد گلزار، خواجہ جاوید، اور ہالینڈ سے ڈاکٹر سید راشد کاظمی اور محمد قاسم نے بھی شرکت کی۔