پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے۔
فخر امام کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ کا ورچوئل اجلاس بلانے کے بارے میں قائم خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے اس اجلاس سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نگرانی کے لیے سیشن بلانا انتہائی ضروری ہے، ارکان کی صحت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اجلاس بلایا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسپیکر پر ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ ارکان اور قومی اسمبلی کے عملے کی صحت اور جان کا تحفظ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام جماعتوں کا اتفاق ہے کہ ورچوئل سیشن نہ بلایا جائے، پارلیمان کے ذریعے نگرانی کرنا ہماری ذمے داری ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: وفاق صوبوں کو صحت فنڈز فوری فراہم کرے، بلاول بھٹو
چیئرمین پی پی پی نے یہ بھی کہا کہ ہم اسپیکر آفس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، ممبران کی ایوان میں موجودگی کو باہمی مشاورت سے حل کیا جا سکتا ہے۔