• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھجور، پھل اور سبزیاں کھانے کی منفرد ریسیپیز

آج ہم ریسیپیز میں سب سے پہلے بات کرتے ہیں کھجور کی جو کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق چھ ہزار قبل مسیح سے انسانی خوراک کا حصہ ہے۔ جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ ماہ رمضان میں کھجور کا استعمال باقی مہینوں کی نسبت بڑھ جاتا ہے۔ افطار کے وقت دستر خوان پر کھجور لازمی ہوتی ہے۔ اس وقت کھجور کھانا جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے۔ کھجور کی متعدد اقسام ہیں، جن کیلذت اور افادیت بھی علیحدہ علیحدہ ہے۔ 

کھجور میں فائبر، پوٹاشیم، کاپر، مینگنیز، میگنیشیم اور وٹامن بی سکس موجود ہوتے ہیں۔ طبی لحاظ سے یہ معدہ ،قبض ،دل و دماغ ،ہڈیوں کی مضبوطی،فالج سے بچاؤاو ر بلڈ پریشر جیسے عارضہ کے لیے بہت مفید ہے۔کھجور سے کئی خوش ذائقہ اورغذائیت سے بھرپور پکوان بنائے جاتے ہیں، جن میں سے چند پکوانوں کی تراکیب ذیل میں بتائی جارہی ہیں۔

ڈیٹ اینڈ چاکلیٹ پیٹیز

درکار اجزاء:

انڈہ ۔ ایک عدد

پف پیسٹری۔ حسبِ ضرورت

چاکلیٹ اسپریڈ۔ ایک کھانے کا چمچ

پانی۔ ایک کھانے کا چمچ

کھجور ۔ایک تہائی کپ (کٹی ہوئی)

بادام۔ آدھا کپ (کٹے ہوئے)

ملک چاکلیٹ ۔ایک تہائی کپ (بڑے ٹکڑوں میں کٹی ہوئی)

ترکیب:

پہلے انڈے کو پانی کے ساتھ پھینٹیں اور الگ رکھ دیں۔ اب پف پیسٹری کو پھیلائیں اور چار ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ اب ہر ٹکڑے کے درمیان چاکلیٹ اسپریڈ ڈالیں۔ پھر کٹی ہوئی کھجور، بادام اور ملک چاکلیٹ کے ٹکڑے ڈال کر ٹرائی اینگل کی شکل میں فولڈ کریں۔ کناروں کو ایگ واش سے برش کرکے کانٹے کی مدد سے کناروں کو بند کر دیں۔ کانٹے کی مدد سے اس کے اوپر سوراخ کریں اور ایگ واش سے برش کر دیں۔ اب ان کو گریس کی ہوئی بیکنگ ٹرے میں رکھیں اور بارہ سے پندرہ منٹ کے لیے گرم کیے ہوئے اوون میں 180 ڈگری سینٹی گریڈ پر بیک کرنے کے لئے اس وقت تک رکھیںجب تک اس پر رنگ نہ آجائے۔ آخر میں نکال کر گرم گرم پیش کریں۔

کھجور کی پڈنگ

درکار اجزاء:

خشک کھجور۔ دو پیالی

دودھ۔ چار پیالی

چینی۔ 3/4پیالی

مکھن ۔ایک کھانے چمچ

کیک کے ٹکڑے ۔دو پیالی

نمک ۔چائے کا چوتھائی چمچ

انڈے ۔تین عدد

کارن فلور۔ کھانے کا ایک چمچ

ونیلا ایسنس ۔کھانے کا آدھا چمچ

ترکیب:

خشک کھجوریں رات کو دو پیالی پانی میں بھگو دیں۔ صبح ان کی گٹھلیاں نکال لیں اور ٹکڑے کر کے انہیں پڈنگ کے سانچے میں رکھ دیں۔کیک کے ٹکڑوں کو آدھے گھنٹے کے لئے دودھ میں بھگو دیں۔ چینی ، مکھن، نمک اور انڈے ملا کر خوب اچھی طرح پھینٹ لیں۔پھر اسے کیک اور دودھ کے آمیزے میں شامل کر کے اچھی طرح پھینٹ کر کھجوروں کے اوپر ڈال دیں اور سانچے کا منہ بند کر دیں۔ایک چوڑے منہ والی پتیلی میں اتنا پانی ڈالیں کہ سانچے کا برتن آدھا پانی کے اندر اور آدھا پانی کے باہر رہے۔ 

پتیلی کاڈھکن بند کر کے چولہے پر چڑھا دیں۔ 20منٹ تک پکانے کے بعد سانچے کا منہ ذرا سا کھول کر سلائی یا تنکاڈال کر دیکھیں۔تنکا یا سلائی صاف باہر آجائے تو پڈنگ تیار ہے ورنہ مزید پکائیں۔ جب یہ جم جائے تو اتار لیں اور ٹھنڈی ہونے کے لیے رکھ دیں۔ایک پیالی میں کارن فلور حل کر کے ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب گاڑھا ہو جائے تو اتار کر پڈنگ کے اوپر ڈال دیں۔ ٹھنڈا ہو نے پر پیش کریں۔

کھجور کی کھیر

درکار اجزاء:

کھجور۔ ایک سو گرام

دودھ ۔آدھا کلو

ٹوٹا چاول۔ دو کھانے کے چمچ (پانی میں بھیگے ہوئے)

چینی ۔پچاس گرام

کیوڑا ۔ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

پہلے ایک برتن میں دودھ اور ٹوٹا چاول ڈال کر پکالیں تاکہ چاول گل جائیں۔ پھر اس میں کھجور ، چینی اور کیوڑا ڈال دیں۔ گاڑھا پن آجانے پر آپ کی کھیر تیار ہوجائے گی۔ اس کو ٹھنڈا کرکے گھروالوں کو پیش کریں۔

کھجور اور دال کا پلاؤ

درکار اجزاء:

چاول۔ ایک کلو

مسور کی دال (دھلی ہوئی)۔ ایک کپ

پیاز (چھوٹی )۔ ایک عدد

تازہ کھجور (گٹھلی نکال لیں)۔ 250گرام

خشک خوبانیاں۔ 250گرام

بادام۔ایک کپ (چھلکا اترے ہوئے)

کشمش۔ ایک کپ

مکھن۔ڈیڑھ کپ

گرم پانی ۔ایک کپ

ترکیب:

نمک ملے پانی میں چاول ابال لیں۔ دال میں نمک ملا کر اتنا پانی ڈال کر پکائیں کہ وہ گل جائے مگر بالکل نرم نہ ہو۔ ایک کپ مکھن کو ایک کپ گرم پانی میں ڈال کر پگھلا لیں اور بقایا مکھن سوس پین میں گرم کر کے اس میں پیاز ڈال کر فرائی کریں۔ پیاز کارنگ بادامی ہو جائے تو اس میں کھجور یں، خوبانیاں، کشمش اور بادام کی گریاں ڈال کر بھونیں اور مکھن ملے پانی کا آدھا حصہ ایک اوون پروف بڑے پیالے میں ڈالیں۔ 

اوپر پکے ہوئے چاولوں کی ایک تہہ ڈال کر کھجوروں والے مرکب کی ایک تہہ لگائیں۔ اس کے بعد دال کی ایک تہہ لگا کر دوبارہ چاول، کھجوریں اور آخر میں بقیہ مکھن ملے پانی کو اوپر چھڑک دیں اور ڈھکن بند کر کے تقریباً گھنٹے تک ہلکی آنچ پر دم دیں۔ کھلے منہ کی دیگچی میں دم دے کرپھراسے ڈش میں نکال کر پیش کریں۔

کھجور کا حلوہ

درکار اجزاء:

کھجور ۔آدھا کلو

دودھ۔ ایک کلو

سبز الائچی۔ 8عدد

چینی ۔ایک پاؤ

دال چنا۔ ایک پاؤ

کیوڑہ ۔چھ چمچ

ترکیب:

کھجور یں اچھی طرح دھو کران کی گٹھلیاں نکال لیںاور دال چنابھی صاف کر کے دھو لیں۔ دودھ گرم کر یں اور اس میں دال چنا پکائیں۔ دال چنا جب گل جائے تو اتار کر باریک پیس لیں۔ کھجوروں کو بھی پیس کر اس میں ملا دیں۔ اب کڑاہی میں گھی گرم کریں، پھر دال اورکھجور کا آمیزہ ڈال کر بھونیں۔ 5منٹ بعد چینی ڈال دیں اور چینی کا پانی خشک ہو جائے تو میوہ جات (بادام، کشمش، پستہ) اور کیوڑہ ڈال کر اتار لیں اور پیش کریں۔

کھجور کی روٹی

درکار اجزاء:

میدہ ۔آدھا کلو

گھی۔حسبِ ضرورت

دودھ۔ ایک کلو

گلاب۔ آدھا پاؤ

نمک۔ 20گرام

کھجور۔ حسبِ پسند

ترکیب:

سب سے پہلے میدے کو گھی میں اچھی طرح ملا لیں۔ پھر دودھ میںتھوڑا سا نمک شامل کریںاور اس کو میدے والے مکسچر میں ڈال دیں۔تمام مکسچرگوندھ کر سخت کر لیں۔ اس آٹے کی روٹی کے دو پیڑوں کو عرقِ گلاب میں ترکرکے نرم کھجورکے ٹکڑےبھر دیں اور پھر دونوں پیڑوں کوملا کر پکائیں اور گھی لگاتے جائیں۔ 

جب سرخ ہو جائیں تو دودھ اور پانی کا چھینٹا دے کر اتار لیں۔ اسی طرح تمام میوہ جات کی روٹی پکا ئی جاسکتی ہے جو کہ کھانے میں بے حد لذیذ اور کراری ہوتی ہے۔

ڈیٹ اسموتھی

درکار اجزاء:

کیلے ۔دو عدد

دہی۔ ایک کپ

دودھ۔ ایک تہائی کپ

کھجور۔ تین عدد (کٹی اور گٹھلی نکلی ہوئی)

ونیلا ایسنس ۔ایک چائے کا چمچ

آئس کیوبز۔ تین سے چار عدد

ترکیب:

کیلے، دہی، دودھ، کھجور، ونیلا ایسنس اور آئس کیوبز بلینڈر میں ڈال کر اسموتھ پیوری بننے تک بلینڈ کریں۔ پھر اسے گلاس میں ڈال کر گھروالوں کو ٹھنڈا ٹھنڈا پیش کریں۔

کوکونٹ اینڈ ڈیٹ شیک

درکار اجزاء:

دودھ۔ ایک کپ

کوکونٹ ملک۔ ایک کپ

شہد ۔دو کھانے کے چمچ

کھوپرا۔ ایک چوتھائی کپ (پسا ہوا)

کھجور ۔ایک چوتھائی کپ

ٹیٹرا پیک کریم۔ آدھا کپ

برف۔ حسبِ ضرورت

ترکیب:

بلینڈر میں دودھ، کوکونٹ ملک، شہد، پسا کھوپرا، کھجور، ٹیٹرا پیک کریم اور برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کریں۔ پھر گلاس میں نکالیں اور ٹھنڈا پیش کریں۔

پھل اور سبزیوں کا استعمال

رمضان کا مہینہ گرمی میں آیا ہے تو ضروری ہے کہ موسم کے لحاظ سے اپنی کھانے پینے کی عادتوں پر دھیان دیتے ہوئے موسمی پھل اور سبزیاں زیادہ سے زیادہ کھائیں۔ اس طرح آپ مختلف بیماریوں جیسے کہ کولیسٹرول،ہائی بلڈ پریشر،دل کے امراض،بے جا موٹاپا اور جگر کے امراض سے بچے رہیں گے۔ وہ لوگ جو ان امراض میں مبتلا ہیں ان کو بھی خاص ہدایت کی جاتی ہے کہ پھل اور سبزیاں لازمی کھائیں۔سارا دن کے روزے کے بعد پھل اور سبزیوں سے جہاں پانی کی کمی پوری ہوتی ہے، وہیں مکمل توانائی بھی حاصل ہوتی ہے۔ رمضان کے دوران پھل اور سبزیوں کا استعمال کرنا اچھی صحت کے لیے ضروری ہے۔ تازہ جوسز اور شیک کے علاوہ پھل اور سبزیوں سے بنی مزیدار فروٹ چاٹ اورسلاد بھی خوب ذائقہ دیتی ہیں۔ چند مزیدار تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔

ویجیٹبل سیلڈ وِد یوگرٹ ڈریسنگ

درکار اجزاء:

پھول گوبھی ۔دو سو پچاس گرام (پھول الگ کر لیں)

گاجر۔ دو عدد (سلائس میں کٹی ہوئی)

مٹر ۔تین چوتھائی کپ

آلو۔ دو عدد (کیوبز میں کٹے ہوئے)

ہری مرچ۔ دو عدد (باریک کٹی ہوئی)

دہی ۔ایک کپ

نمک ۔حسبِ ذائقہ

شہد ۔دو کھانے کے چمچ

کالا نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

کریم ۔آدھا کپ

ہرا دھنیا ۔دو کھانے کے چمچ

سلاد کے پتے ۔سرونگ کے لئے

ہرا دھنیا ۔گارنشنگ کے لئے

ترکیب:

پھول گوبھی اور گاجر کو نمک والے پانی میں پکا لیں اور ٹھنڈے پانی میں ڈال کر ٹھنڈا کرلیں۔ پھر مٹر کو نمک والے پانی میں ابال لیں اور اسے بھی ٹھنڈے پانی میں ڈال کر ٹھنڈا کرلیں۔ اب آلو ابال کر انہیں چھیل کر کاٹ لیں اور پھر ٹھنڈا کرلیں۔ پھر ایک پیالے میں دہی، نمک، شہد، کالا نمک، کریم اور ہری مرچ ڈال کر پھینٹ لیں۔ تمام سبزیاں دہی والے مکسچر میں ڈال کر مکس کرلیں۔ سرونگ ڈش میں سلاد کے پتے بچھا کر اوپر دہی اور سبزیوں کا مکسچر ڈال دیں۔ ساتھ ہی ہرے دھنیا سے گارنش کرکے ٹھنڈا سرو کریں۔

ڈیزرٹ سلاد

درکار اجزاء:

گوبھی۔ آدھا کپ

گاجر ۔آدھا کپ

کشمش۔ آدھا کپ

مکس فروٹس۔ ایک کپ

میٹھا اسٹرابیری ڈیزرٹ۔ ایک پیکٹ

ڈیزرٹ کریم آدھا کپ

اسٹرابیری ۔چھ سے آٹھ عدد

ترکیب:

گوبھی، گاجر، کشمش، مکس فروٹس، میٹھا اسٹرابیری ڈیزرٹ اور کریم کو اچھی طرح مکس کرکے ٹھنڈا کر لیں۔ پھر اسٹرابیری سے گارنش کرکے سرو کریں۔

فتوش

درکار اجزاء:

پیاز۔ چوکور کٹی ہوئی ایک عدد

کھیرا۔ چوکور کٹاہوا ایک عدد

ٹماٹر۔ چوکور کٹا ہوا ایک عدد

شملہ۔ مرچ(چوکور کٹی ہوئی) ایک عدد

پیٹا بریڈ۔ 2عدد

ہرے زیتون۔8عدد

کالے زیتون۔8عدد

اجمودہ۔ 1/4گڈی

پودینے کے پتے۔ چند عدد

پسی ہوئی کالی مرچ۔ایک چائے کا چمچ

لیموں کا رس۔ 2کھانے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

زیتون کا تیل۔ 3کھانے کے چمچ

سلاد کے پتے ، پیٹا بریڈ (سینکی ہوئی)۔ سجانے کے لئے

ترکیب:

پیٹا بریڈ کو گرم توے پر دونوں جانب سے سینک کر اتار لیں۔ اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے ایک پیالے میں ڈالیں۔ اس میں باقی تمام اجزاءشامل کرکے اچھی طرح سے ملائیں۔ سرونگ ڈش کو سلاد کے پتوں اور پیٹا بریڈ سے سجائیں اور فتوش ڈال کر گھروالوں کو پیش کریں۔

والڈروف سلاد

درکار اجزاء:

سیب(ہرے سخت والے)۔تین سے چار عدد

کھجور۔ایک پیالی

مارش میلوز۔آدھی پیالی

نمک۔حسب ذائقہ

چینی۔ ایک چائےکا چمچ

کالی مرچ کٹی ہوئی۔آدھا چائےکا چمچ

مایونیز۔آدھی پیالی

فریش کریم۔ آدھی پیالی

اجوائن۔دو کھانے کے چمچ

لیموں کا رس۔دو کھانے کے چمچ

سلاد کے پتے۔ حسب ضرورت

سرخ شملہ مرچ۔ پسند کے مطابق

زیتون کا تیل۔ دو کھانے کے چمچ

ترکیب:

ایک پیالے میں زیتون کا تیل، نمک، چینی، لیموں کا رس اور کالی مرچ ڈالیں اور کانٹے کی مدد سے اچھی طرح پھینٹ کر ڈریسنگ بنالیں اور پھر دس سے پندرہ منٹ کے لئے فریج میں رکھ دیں۔ شملہ مرچ کو دھو کر کچھ دیر کے لئے ٹھنڈے پانی میں بھگو کر رکھ دیں۔ سبزیوں کو دھو کر چھوٹے ٹکڑے کاٹیں اور تیار کی ہوئی ڈریسنگ میں ڈال کر رکھ دیں۔ 

کھجور کو دھو کر ان کے بیج نکالیں اور چھوٹے ٹکڑے کر کے سیب والے پیالے میں ڈال دیں۔ اب کریم کو پیکٹ سے نکال کر صاف خشک پیالے میں ڈالیں اور فریج رکھ کر ٹھنڈی کر لیں۔ پھر اسے ہلکا سا پھینٹ کر اس میں مایونیز ملالیں۔ اس مکسچر کو سیب والے پیالے میں ڈال کر اس میں شملہ مرچ کے ٹکڑے شامل کر دیں اور چمچ کی مدد سے احتیاط سے ملائیں اور پھر پیالے میں نکال کر سرو کریں۔

فروٹ سٹو

درکار اجزاء:

امرود ۔1کپ

آڑو ۔1کپ

سیب ۔1کپ

خوبانی ۔1کپ

ناشپاتی۔1 کپ

سردا۔ 1کپ

چینی۔ 1کپ

کریم یا ملائی۔ حسب ِضرورت

ترکیب:

سارے پھلوں کے چھلکے اتار یں ۔ بیج وغیرہ نکال دیں اور حسب ضرورت سب کے ٹکڑے بنائیں۔ پھر ایک دیگچی میں سارے پھلوں کے ٹکڑے ڈال دیں اور اس میں اتنا پانی ڈالیں کہ سارے پھل ڈوب جائیں۔ دیگچی کو چولہے پر چڑھا دیں اور سارے پھلوں کو پانی میں اتنی دیر ابلنے دیں کہ وہ نرم ہو جائیں۔ 

جب دیکھیں کہ پھل نرم ہو گئے ہیں تو اس میں چینی شامل کر دیں۔ چینی کم یا زیادہ ڈال کر مٹھاس کو ہلکا یا زیادہ رکھ سکتے ہیں۔ چینی ڈالنے کے پانچ منٹ بعد دیگچی کو چولہے سے اتار لیں۔ سٹو کو شیرے کے ساتھ ہی استعمال کرتے ہیں۔ اس کے اوپر کریم یا ملائی بھی ڈالی جاتی ہےجبکہ کسٹرڈ بھی ڈالا جاسکتا ہے۔

فروٹ اینڈ چکن سالسہ سیلڈ

درکار اجزاء:

چکن ۔تین سو گرام (بون لیس)

لال مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

زیرہ۔ آدھا چائے کا چمچ (پسا ہوا)

نمک ۔آدھا چائے کا چمچ

تیل ۔ایک کھانے کا چمچ

پیاز ۔ایک عدد (کٹی ہوئی)

سلاد کےپتے۔ ایک کپ (باریک کٹے ہوئے)

گوبھی ۔ایک کپ

سالسہ کے لئے:

ٹماٹو کیچپ۔ آدھا کپ

لیموں کا رس ۔دو کھانے کے چمچ

ہری مرچ ۔دو عدد (باریک کٹی ہوئی)

اوریگانو ۔آدھا چائے کا چمچ

آم ۔ایک عدد

آلو بخارے ۔چار عدد

نمک ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

ترکیب:

پہلے چکن پر لال مرچ، زیرہ، نمک اور تیل لگا کر اسے درمیانی آنچ پر دس منٹ تک پکالیں۔ سالسہ کے لیے ٹماٹو کیچپ، لیموں کا رس، ہری مرچ، اوریگانو، آم، آلو بخارے اور نمک مکس کر لیں۔ اب پلیٹر میں پہلے سلادکے پتے، گوبھی اور کٹی پیاز ڈالیں۔ پھر ان پر چکن رکھ کر اوپر سے سالسہ ڈال دیں۔ مزے دار فروٹ اینڈ چکن سالسہ سیلڈ تیار ہے۔

تازہ ترین