قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے حاجی پیر، سنکھ سیکٹرز میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مذمت کی ہے۔
شہباز شریف نے بھارتی فائرنگ سے زخمی خاتون شہری سے اظہار ہمدردی کیا اور ان کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں جنگ بھڑکانے کی حماقت سے باز آئے۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ بھارتی انتہاء پسند حکمرانوں کے سر پر جنگ کا بھوت سوار ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت 27 فروری 2019 کو دیے جانے والے پاکستانی جواب کو یاد کرے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کورونا وباء سے نمٹنے میں مصروف ہے لیکن بھارت انسان دشمنی کے رویہ پر کاربند ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی حکمران انسانوں کی مدد کے مرحلے پر بھی تعصب کی آگ میں جل رہے ہیں۔
شہباز شریف نے ایل او سی پر رہنے والی عام آبادی کے جذبے اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔