• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ہمارے سمیت بہت سارے صحافیوں اور ادیبوں کے ہم دم دیرینہ سنیٹر پرویز رشید نے بہت مایوس کیاہے۔ یہ اندیشہ تو تھا کہ وہ اپنے کچھ مکینکل نقائص، اخلاقی کمزوریوں اور نسلی جرأت کی کمی کی وجہ سے دولت کمانے کی صلاحیت نہیں رکھتے ہوں گے اور بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کا حوصلہ بھی نہیں دکھا سکتے ہوں گے مگر یہ گمان ہرگز نہیں تھا کہ وہ مالی طور پر مجھ سے بھی زیادہ غریب ہوں گے اور پوری جھاڑپونچھ کرنے پربھی ان کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ 25ہزار 861روپے برآمد ہوں گے۔ اس سے ہزاروں گنا زیادہ دولت تو ان لوگوں کے پاس ہوگی جوکبھی اتفاقاً یا حادثاً کسی سیاسی جماعت کی اعلیٰ قیادت کے گروپ فوٹو میں دکھائی دے گئے ہوں گے۔ پرویزرشید طالب علمانہ سیاست سے ابھر نے والی بہت سی سیاسی جماعتوں کے سرکردہ لیڈروں سے بھی پہلے کی کھیپ سے تعلق رکھتے ہیں مگر انہوں نے سیاست کرنے، مشکلات سے گزرنے، اذیتیں برداشت کرنے اور اپنے اصولوں پر پامردی کے ساتھ قائم رہنے کے علاوہ اِدھر اُدھر دیکھنے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔ تھوڑی سی بے تکلفی برداشت کریں تو کہوں گا کہ :
تو ہی ناداں چند کلیوں پر قناعت کرے گا
ورنہ گلشن میں علاج تنگیٴ داماں بھی تھا
ہمارے پرویزرشید جیسے ایک دوست کے گھر ڈاکو آگئے اور پورے گھر کی بلکہ تمام کونوں کھدروں کی تلاشی لینے کے بعد مجموعی طورپر چالیس ہزارروپے برآمد ہوئے تو ڈاکو بہت پریشان ہوئے اوراسی پریشانی کے تحت ہمارے دوست سے کہا کہ آپ نے اتنا بڑا گھر بنایا ہے اور اچھی خاصی عمرکے بھی لگتے ہیں مگر آپ کے پاس سے صرف چالیس ہزارروپے نکلے ہیں۔ ہمارے دوست نے ڈاکوؤں سے پوچھا کہ آپ یہاں ڈاکہ ڈالنے آئے ہیں یا میری بے عزتی کرنے آئے ہیں۔ اس بات پر ڈاکو ہنسنے لگے اور ہنستے ہنستے چالیس ہزار روپے بھی وہیں چھوڑ گئے کہ :
جو کچھ بھی اس خم میں مرے ظرف سے کم ہے
اسی طرح بتایاجاتا ہے کہ کسی فلائنگ کوچ کو رات کے وقت راہ زنوں نے روک لیا تواس میں کوئی بہت ہی غریب گھرانے کی بارات جارہی تھی۔ راہ زنوں نے تمام بارات کی تلاشی لینے کے بعد حساب لگایا کہ زیادہ سے زیادہ چارہزار روپے کے نقلی زیورات اور سات آٹھ سوروپے نقد ہوں گے۔ راہزنوں کے لیڈروں نے حکم دیاکہ تمام باراتیوں کو زیورات اور نقد رقم واپس کردی جائے۔ حکم کی تعمیل ہوئی اور فلائنگ کوچ اپنی منزل کو چلی گئی تو ایک راہ زن نے لیڈر سے پوچھا کہ مال غنیمت واپس کیوں کیاگیا ہے؟ لیڈر نے جواب دیا کہ فلائنگ کوچ پر ڈاکے کی خبر اخبار میں چھپتی تو اس علاقے کے تھانے والوں نے اپناحصہ مانگنا تھا۔ کیا پولیس والوں نے یہ بات مان لینی تھی کہ پوری بارات سے چارہزار آٹھ سوروپے برآمد ہوئے تھے؟
یقینی طورپر بہت سے ایسے لوگ بھی ہوں گے جویہ یقین کرنے سے یامان لینے سے انکارکریں گے کہ سنیٹرپرویز رشید کی عمربھر کی کمائی سوا لاکھ روپے بنتی ہے جبکہ سابق قومی اسمبلی کے رکن نورعالم خان کے بارے میں بتایاگیا ہے کہ وہ پارلیمینٹ کے امیر ترین رکن تھے جن کے پاس 32ارب روپے کی مالیت کی جائیداد ہے۔ کہاں سوالاکھ روپے اور کہاں 32ارب روپے۔ کہاں راجہ بھوج اورکہاں……؟؟
تازہ ترین