سماجی کارکن اور سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے جان لیوا کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر عوام کو گھروں پر رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عوام ہی کورونا کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں کووڈ 19 کے بارے میں شعور اجاگر کرتے ہوئے شنیرا نے لکھا کہ نہ سائنسدان ، نہ ڈاکٹر اور نہ ہی سیاستدان، اگر اس وائرس کو کوئی پھیلنے سے روک سکتا ہے تو وہ خود عوام ہیں۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ہم سب سائنسدانوں، ڈاکٹروں یا سیاستدانوں پر نہیں چھوڑ سکتے بلکہ کورونا سے جنگ میں ہمیں اپنا کردار بھی ادا کرنا ہے۔
انہوں نے ہیش ٹیگز کا استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ گھروں پر رہیں تاکہ کورونا وائرس کو شکست دی جاسکے۔
اس سے قبل کورونا کے حوالے سے پیغام شیئر کرتے ہوئے سماجی کارکن شنیرا اکرم نے گھروں کے مالکان سے اپیل کی تھی کہ وہ کرایہ داروں سے نرمی کا رویہ اختیار کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد20 ہزار 164 ہو چکی ہے جبکہ اس کورونا سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 462 ہو گئی ہے۔