• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی ٹیم کیلئے غیر معیاری رہائش معاملہ: قصور وار کون؟ رانا ثناء نے بتادیا

آسٹریلیا میں پرو ہاکی لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم کو دی جانے والی غیر معیاری رہائش کے معاملے پر وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے قصور واروں سے متعلق بتا دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کو 1 کروڑ 10 لاکھ یا 1 کروڑ 15لاکھ روپے دیے گئے تھے، اس سلسلے میں انکوائری کی گئی تو ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی اور فیڈریشن قصور وار قرار پائی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان ہاکی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا میں ٹیم کو فائیو اسٹار ہوٹل میں ٹھہرانے کےلیے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو 1 کروڑ سے زائد رقم دی تھی۔

پی ایس بی کے ذرائع کا کہنا تھا کہ پرو لیگ کے دوران قومی ہاکی ٹیم کو آسٹریلیا میں رہائش کے لیے فائیو اسٹار ہوٹل کی بکنگ کے لیے پی ایچ ایف کو 1 کروڑ 5 لاکھ 74 ہزار 772 روپے کا چیک دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ٹیم کے آسٹریلیا پہنچنے کے بعد ایک تصویر بھی سامنے آئی، جس میں کھلاڑی سڑک کنارے بے بس بیٹھے ہیں، طویل انتظار کے بعد کھلاڑیوں کو گیسٹ ہاؤس میں رہائش دلائی گئی۔

ذرائع کے مطابق سڈنی میں بھی کھلاڑیوں کو ایک رات گیسٹ ہاؤس میں رکنا پڑا، سڈنی کے بعد ٹیم ہوبارٹ پہنچی تو وہاں بھی فائیو اسٹار ہوٹل میں تو نہیں لیکن نسبتاً اچھی رہائش دی گئی، جس پر کپتان عماد بٹ کا بیان سامنے آیا۔

دوسری جانب پی ایچ ایف کے سیکریٹری رانا مجاہد نے جیو نیوز کو بتایا کہ آسٹریلیا میں کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی، فیڈریشن کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، تمام خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں، جو کسی بھی طرح پاکستان ہاکی کے مفاد میں نہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید