مظفرآباد(جنگ نیوز)آزاد کشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ ہائوسنگ وفزیکل پلاننگ چودھری پرویز اشرف نے کہاہے کہ ہماری حکومت شفاف انتخابات کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریگی ، چند لوگوں کی خواہشات پر نہیں بلکہ آئین وقانون کے تحت انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے،اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ،پیپلزپارٹی کی حکومت نے جوتعلیمی پیکیج نافذ کیاتھا وہ عوامی امنگوں کے مطابق تھا۔ اور یہی وجہ ہے کہ ہائی کورٹ نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا، آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی اپنے کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ حکومت سازی کریگی اچھل کود کرنیوالوں کااب اپنا براحشر ہے ۔پیپلزپارٹی نےمنشور کے مطابق عوام سے کیے تمام وعدے نبھائے ہیں،انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی منصوعی بیساکھیوں اور فرضی منصوبوں کے نام پر دی جانیوالی رقومات کے ذریعہ ن لیگ کواقتدار میں لانے کے تمام ہتکھنڈے ناکام بنادینگے وفاقی وزراء کے ذریعے آزادکشمیر کوفتح کرنیوالے ناکام ہونگے اور عوام کامیاب ہوگی ۔ ریاست کوچلانے کیلئے صحت مند اور ویژن رکھنے والی جماعت کی ضرورت ہے وہ پاکستان پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو ریاست کواپنے قدم پر کھڑا کرسکتی ہے ،انہوں نے کہاکہ انتخابات کی شفافیت کیلئے ہماری حکومت اولین ترجیحات کے طور پر کام کررہی ہے، ہماری حکومت نے شفاف الیکشن کیلئے نئی ووٹرفہرستوں سے آغاز کیاہے ۔ پیپلزپارٹی کی حکومت الیکشن کو صاف شفاف بنانے کیلئے الیکشن کمشنر کے ساتھ ہرممکن تعاون کررہی ہے ۔اور پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ووٹ کی طاقت کو اپنی ڈھال بنایا اور ہم آئندہ بھی ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔