• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو خطے کے بہترین مفاد میں قرار دیتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کیخلاف حتمی کامیابی تک جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی حکمراں کمیونسٹ پارٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن زینگ چن شی سے ملاقات کے موقع پر کیا۔زینگ چن شی نے بھی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کامیابی سے جاری آپریشن ضرب عضب پر اظہار اطمینان کیا اورپاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو دونوں ملکوں کے عوام کیلئے یکساں طور پر مفید اور پورے خطے کیلئے پائیدار اثرات و نتائج کا حامل قرار دیا۔پاک چین اقتصادی راہداری فی الحقیقت وہ عظیم منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے کم و بیش تین ارب انسانوں یعنی دنیا کی تقریباً نصف آبادی کی براہ راست ترقی اور خوشحالی کی راہیں کشادہ ہوں گی۔چین اور پاکستان کی مثالی دوستی اور باہمی تعاون کا یہ شاہکار ان دونوں ملکوں ہی کیلئے نہیں بلکہ علاقائی اور عالمی سطح پر بہت بڑے پیمانے پر تجارت کے فروغ، صنعتوں کے قیام اور روزگار کے بے پناہ مواقع کو جنم دینے کا سبب بنے گا۔تاہم یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ یہ منصوبہ بعض علاقائی اور عالمی طاقتوں کی نظروں میں بری طرح کھٹک رہا ہے اوراس کی تکمیل سے ا نہیں اپنی علاقائی اور عالمی بالادستی کے عزائم خطرے میں پڑتے نظر آرہے ہیں ۔ بھارتی وزیر اعظم تو اپنے دورہ چین میں اس منصوبے کو علی الاعلان ناقابل قبول قرار دے چکے ہیں اور بعض ذرائع سے یہ اطلاعات بھی منظر عام پر آچکی ہیں کہ اسے ناکام بنانے کیلئے بھارتی حکومت نے اپنی خفیہ ایجنسیوں کو متحرک کردیا ہے اور اس کیلئے اتنے مالی وسائل بھی مختص کردیے ہیں جو مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے منصوبے کے علاوہ کسی اور منصوبے کیلئے نہیں کیے گئے تھے۔ اس تناظر میں اقتصادی راہداری منصوبے کے تحفظ کیلئے تمام نقائص سے پاک انتظامات ناگزیر ہیں اور اس ضمن میں آرمی چیف کا عزم صمیم قوم کیلئے اطمینان کا باعث ہے۔
تازہ ترین