میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ہارون رشید نے اپنے مداحوں کو قرنطینہ میں ٹیکنالوجی کے بہترین استعمال سے آگاہ کردیا۔
کورونا وائرس کے پیش نظر دُنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث قرنطینہ میں رہتے ہوئے دیگر لوگوں کی طرح فنکار بھی سوشل میڈیا اور ٹیکنالوجی کا استعمال مختلف طرح سے کر رہے ہیں اور ساتھ ہی اپنے مداحوں کو بھی ان طریقوں سے آگاہ کرتے نظر آرہے ہیں۔
معروف گلوکار ہارون رشید نے بھی تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو بہترین معلومات فراہم کرتے ہوئے اپنی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصاویر میں ہارون لائیو سیشن کے دوران پُرجوش انداز میں گیٹار بجاتے گلوکاری کررہے ہیں۔
ہارون رشید نے اِن تصاویر کو ایک طویل کیپشن دیتے ہوئے سب سے پہلے تو اپنے مداحوں سے اُن کی خیریت دریافت کی اور اُس کے بعد اُنہوں نے لکھا کہ ’میں کورونا کے اِس دور میں ویڈیو کالز بہت زیادہ کرتا ہوں، ویڈیو کالز کو میں اپنے خاندان والوں اور دوستوں سے گفتگو کرنے اور اپنے کام کرنےکے لیے استعمال کرتا ہوں۔‘
گلوکار نے لکھا کہ ’میں ریموٹ تعاون کی مدد سے اپنی پروڈکشن کمپنی اور متعدد میٹنگز کا اہتمام کرتا ہوں تاکہ قرنطینہ میں بھی ہمارا کام ہوتا رہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’جب میری گلوکاری کی بات آتی ہے تو ماضی میں میرا اپنے مداحوں سے صرف ایک طرفہ تعلق تھا، اِس کا مطلب یہ ہے کہ میرے مداح مجھے صرف ٹی وی، انٹرویوز اور میوزک ویڈیوز میں ہی دیکھ سکتے تھے، نہ میں اپنے مداحوں سے گفتگو کرسکتا تھا اور نہ ہی میرے مداح مجھ سے بات چیت کرسکتے تھے۔‘
ہارون رشید نے لکھا کہ ’لیکن اب انسٹاگرام پر لائیو سیشن سے یہ فائدہ ہوا ہے کہ میں اپنے مداحوں کے لیے چھوٹی چھوٹی پرفارمنس کرسکتا ہوں اور اپنے مداحوں سے ویڈیو کال پر بھی بات کرسکتا ہوں، اِسی لیے مجھے یہ آج کے دور کی ٹیکنالوجی بہت پسند آرہی ہے۔‘
آخر میں گلوکار نے مداحوں سے سوال کیا کہ آپ سب قرنطینہ میں ٹیکنالوجی کا استعمال کس طرح کر رہے ہیں؟ نیٹ فلکس یاسوشل میڈیا؟ کیا آپ اِس کا مثبت استعمال کررہے ہیں؟‘
یاد رہے کہ ہارون رشید قرنطینہ کے دوران اکثر اپنے مداحوں کے لیے لائیو سیشن کرتے نظر آتے ہیں جس میں وہ اپنے مداحوں کے دلچسپ سوالوں کے جواب دیتے ہیں اور ساتھ ہی مداحوں کی خواہش پر اُن کے لیے پرفارم بھی کرتے ہیں۔