دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے جان لیوا کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے لیے دنیا بھر کی طرح پاکستانی فنکاروں نے بھی آن لائن یا ورچوئل فنڈ ریزنگ کا اعلان کردیا۔
کورونا سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے کے لئے ایک آن لائن صوفی پروگرام ترتیب دیا ہے جس سے حاصل کئے گئے پیسے کورونا متاثرین کی مدد کے لیے دیئے جائیں گے۔
فنڈ ریزنگ ویب سائٹ کے مطابق دنیا بھر میں جاری مسلمانوں کے بابرکت مہینے کی وجہ سے فنڈ ریزنگ پروگرام کو کسی آن لائن کنسرٹ نہیں بلکہ حمد و نعت اور صوفی پروگرام کا نام دیا جارہا ہے۔
10 مئی بروز اتوار کو ہونے والے آن لائن فنڈ ریزنگ پروگرام میں پاکستان کے معروف فنکار شرکت کر یں گے، فنڈ ریزنگ پروگرام میں پرفارمنس کی یقین دہانی کروانے والے پاکستانی فنکاروں میں علی ظفر ، رفاقت علی خان، علی سیٹھی، ہارون رشید اور استاد شفقت امانت علی شامل ہیں۔
ہارون رشید کا آن لائن فنڈریزنگ پروگرام کے حوالے سے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہنا تھا کہ وہ اس کام کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔