• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور: کورونا مریضوں کیلئے ایمرجنسی اسپتال قائم کیا جائے گا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے اشتراک سے کورونا مریضوں کے لیے پشاور میں ایمرجنسی اسپتال قائم کیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت کے اشتراک سے ایمرجنسی اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے ایمرجنسی اسپتال کی سمری منظور کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ فیصلہ کورونا کی وجہ سے موجودہ اسپتالوں پر بوجھ کو کم کرنے کے لئے کیا گیا۔ 500 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی اسپتال 79 کنال رقبے پر تعمیر کیا جائے گا جس کے لیے زمین صوبائی حکومت فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ اسپتال کی عمارت وفاقی حکومت این ڈی ایم اے کے ذریعے تعمیر کرے گی جبکہ اسپتال کے لئے طبی آلات کی خریداری صوبائی حکومت کرے گی۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ اسپتال کے قیام سے مستقبل میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے میں مدد ملے گی۔

تازہ ترین