• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان میں انواع و اقسام کے پکوان اور مشروبات

آج نصف رمضان ہوگیا ہے، لوگ عبادات کا اہتمام کرنے کے ساتھ سحر و افطار میں مختلف قسم کے پکوان اور مشروبات بنارہے ہیں۔ موسموں کی تبدیلی بھی قدرت کی انمول نعمتوں میں سے ایک ہے۔ ہر موسم دوسرے سے مختلف ہوتا ہے، جس کی بناء پر لوگ ہر موسم کی انفرادیت سے لطف حاصل کرسکتے ہیں۔ 

رواں سال ماہ رمضان موسم گرما میں ہے، اسی لئے روزہ دار افطاری کے بعد پانی اور مشروبات کا استعمال زیادہ کرتے ہیں، آجکل تو ویسے بھی گرمی کا کافی زیادہ زور ہے۔ ماہرین کے مطابق افطاری کے بعد استعمال ہونے والے مشروبات غذائیت سے بھرپور ہونے چاہئیں تاکہ جسم کو تما م غذائی اجزاء فراہم ہوسکیں۔موسم گرما میں لیموں ، تخم بالنگا، اور صندل سے بنائے جانے والے مشروبات کا استعمال بڑھ جاتا ہے جو کہ روزہ داروں کے لئے بھی صحت سے بھرپور ہیں۔ 

لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ سحر و افطار پر نت نئی چیزیں کھائیں یا روایتی کھانے اور مشروبات میں کچھ تبدیلی لاکر ان سے لطف اٹھایا جائے۔ آج ہم آپ کے لیے کچھ ایسی ہی ریسیپیز لائے ہیں، جنہیں آپ اور آپ کے گھروالے یقیناً پسند کریں گے۔

چائنیز سموسہ

درکار اجزاء:

چکن۔ بون لیس آدھا کلو

آلو۔ چار عدد

انڈے ۔پانچ عدد (ابلےہوئے)

نمک اور کالی مرچ۔ حسب ذائقہ

سموسے کی پٹیاں ۔حسب ضرورت

تیل۔ ڈیپ فرائی کے لئے

ترکیب:

ایک دیگچی میں آلو اور چکن کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ کر ڈال دیں۔ ساتھ ہی نمک اور کالی مرچ شامل کر دیں اور دودھ ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ وہ خشک ہو جائے جبکہ آلو اور چکن گل جائے۔ اب اس آمیزے کو اچھی طرح ملا لیں اور انڈوں کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے ڈالیں اور اچھی طرح مکس کریں۔ یہ آمیزہ سموسہ پٹی پر رکھیں اور سموسے بنا لیں۔ ایک کڑاہی میں تیل گر م کر یں اور سموسے ڈال کر گولڈن براؤن ہونے تک تل لیں۔ انہیں املی یا پو دینے اور دہی کی چٹنی کے ساتھ پیش کر یں۔

آلو پاپڑی چاٹ

درکار اجزاء:

آلو ۔آدھا کلو (چھوٹے)

پاپڑی۔ چھ عدد (چورا کی ہوئی)

دال سیو۔ ایک پیکٹ

تیل۔ ایک چوتھائی کپ

کڑی پتے۔ آٹھ سے دس عدد

زیرہ ۔ایک کھانے کا چمچ

رائی۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

لال مرچ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

ہلدی۔ ایک چائے کا چمچ

املی کا گودا۔ ایک چوتھائی کپ

چاٹ مصالحہ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

ہری مرچ ۔چار عدد

ترکیب:

پہلے آلوؤں کو چھیل کر اُبال لیں۔ اب ایک پین میں ایک چوتھائی کپ تیل گرم کرکے اس میں کڑی پتہ، زیرہ اور رائی ڈال کر فرائی کریں۔ ساتھ ہی اس میں نمک، لال مرچ، ہلدی اور املی کا گودا ڈال کر تھوڑا بھونیں۔ اس کے بعد اس میں آلو، چاٹ کا مصالحہ اور ہری مرچ شامل کرکے مکس کریں اور پھر اُتار لیں۔ اب اسے ڈش میں نکال کر چورا کی ہوئی پاپڑی اور دال سیو ڈال کر پیش کریں۔

لڈو پیٹھی

درکار اجزاء:

لڈو پیٹھی کے لئے

چنے کی دال۔ 250 گرام

سفید زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ

اجوائن۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

بیکنگ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

تیل۔ تلنے کے لیے

خوبانی کی چٹنی کے لئے

خوبانی۔ 125 گرام (سوکھی)

نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

لال مرچ ۔آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

چینی۔ آدھا کپ

پانی۔ ایک کپ

املی کی چٹنی کے لئے

املی کا رس۔ ایک کپ (گاڑھا)

چھوہارے۔ چھ عدد

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

نمک ۔آدھا چائے کا چمچ

زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ

سرکہ۔ ایک کھانے کا چمچ

گُڑ۔ آدھا کپ

سلاد کے لئے

مولی ۔آدھی

گاجر۔ آدھی

بند گوبھی۔ آدھی

ترکیب:

خوبانی کی چٹنی کے لیے ایک پین میں سوکھی خوبانیاں، نمک، پسی لال مرچ، زیرہ، چینی اور ایک کپ پانی کو پکا لیں، پھر اسے بلینڈ کر لیں۔

املی کی چٹنی کے لیےچھوہاروں کو رات بھر کے لیے بھگو دیں۔ انہیں ایک پین میں املی کے رس، لال مرچ، نمک، زیرہ، سرکہ اور گُڑ کے ساتھ پکالیں، یہاں تک کہ چٹنی گاڑھی ہو جائے۔ پھر اسے نکال کر ٹھنڈا کریں اور بلینڈ کر لیں۔

سلاد کے لیے ایک پیالے میں مولی، گاجر اور بند گوبھی کو کدوکش کریں۔

لڈو پیٹھی کے لیے چنے کی دال کو رات بھر کے لیے بھگو دیں۔ پھر اس کا پانی نکال کر اسے سفید زیرہ، اجوائن اور نمک کے ساتھ بلینڈ کر لیں۔ فرائی کرنے سے پہلے اس میں بیکنگ پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔ پھر بیٹر کو کھانے کے چمچ کی مدد سے گرم تیل میں ڈالیں اور لڈو پیٹھیاں تَل لیں۔ اس کے بعد انہیں نکال کر تیار چٹنیوں اور سلاد کے ساتھ سرو کریں۔

ٹاکوز

درکار اجزاء:

میدہ۔ آدھا کلو

چکن کا قیمہ۔ ایک پاؤ

پیاز۔ دو عدد

ٹماٹر۔ دو عدد

کھیرا۔ دو عدد

ایلاپینو پیپرز۔ ایک سو گرام

کالے زیتون۔ ایک سو گرام

کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

لال مرچ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

ادرک لہسن پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ

تیل۔حسب ضرورت

نمک۔ حسب ضرورت

ترکیب:

ایک پین میں تیل گرم کرکے پیاز ، ادرک اور لہسن کا پیسٹ فرائی کر لیں۔ پھر اس میں چکن کا قیمہ مکس کریں۔ ساتھ ہی نمک، کالی مرچ پاؤڈر اور لال مرچ پاؤڈر ڈال کر بھونیں۔ اس کے بعد پیالے میں نکال لیں۔ پھر ایک پیالے میں میدہ، نمک، تیل اور پانی ڈال کر گوندھیں۔ اب اس کے پیڑے بنا کر بیلن کی مدد سے بیل لیں اور گرم تیل میں فرائی کریں۔ اس میں قیمے کے مکسچر کی فلنگ کر لیں۔ ساتھ ہی پیاز، ٹماٹر، کھیرا، ایلاپینو پیپرز، کالے زیتون اور اوپر سے قیمہ ڈال کر بند کر دیں۔ اب سرونگ ڈش میں ڈال کر پیش کریں۔

چکن اینڈ چیز ٹرفل

درکار اجزاء:

بریڈ۔6 سے8سلائسز

تیل۔ دو کھانے کے چمچ

کٹی ہوئی ادرک۔آدھا چائے کا چمچ

چکن۔ایک پاؤ 

نمک اور کالی مرچ۔حسب ذائقہ

چیز۔3سے 4سلائسز

بریڈ کرمبز۔ایک کپ

تیل۔ہلکا سا فرائی کرنے کے لیے

ترکیب:

بیلن سے بریڈ سلائسز کو سیدھا کر لیں۔ اب دو چمچ تیل گرم کر کے ایک منٹ تک ادرک فرائی کرنے کے بعد اس میں چکن، نمک اور کالی مرچ شامل کر دیں۔ چکن کے گلنے تک پکائیں۔ چیز سلائس کو بریڈ پر پھیلا دیں۔ اس پر چکن کی پٹیاں رکھنے کے بعد اوپر سے دوسری بریڈ رکھ کر دبائیں۔ 

بریڈ کے کنارے ہٹانے کے بعد اسے اپنی پسند کی شکل میں کاٹ لیں۔ اب اسے انڈے میں ڈبو کر اس کے تمام اطراف پر شائستگی کے ساتھ بریڈکرمبز لگائیں۔ تیل کو گرم کر کے چکن اینڈ چیزٹرفل کو گولڈن رنگ آنے تک دونوں طرف سے فرائی کریں۔ تیار ہونے پر کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔

لائم جوس کارڈیل

درکار اجزاء:

لیموں کا رس۔ ایک لیٹر

پانی۔ ڈیڑھ لیٹر

شکر (سفید)۔ ایک کلو سے کم

گلو کوز ۔ڈیڑھ لیٹر

ایسنس لیمن۔ حسب ضرورت

اورنج ایسنس۔ حسب ضرورت

ترکیب :

لیموں کا رس ،شکراور پانی مکس کرکے اسے پکائیں۔ پھر اس میں گلو کوزشامل کرلیں۔ جب شربت ایک جیسا ہو جائے تو اتار کر ٹھنڈ اہونے کے لئے رکھ دیں ۔ اب اس میں لیمن اور اورنج ایسنس ملا دیں۔ بہترین ذائقے کا لائم جوس کا رڈیل تیار ہے۔

صندل کا شربت

درکار اجزاء:

سفید صندل کا برادہ۔ 70گرام

چینی۔ 750گرام

گلاب کا عرق۔ 750 گرام

ترکیب:

صندل کا برادہ اچھی طرح صاف کر کے گلاب کے عرق میں ڈال دیںاور24گھنٹوں کے لیے بھگو دیں۔ اسےکسی پتیلی میں ڈال کر چولہے پر پکنے کے لئے رکھ دیں ۔ عرقِ گلاب جب خشک ہونے کے بعد آدھا رہ جائے تو دیگچی کو چولہے سے اتار لیں اور کسی کپڑے سے چھان کر اس میں چینی شامل کر دیں۔ 

اب دوبارہ اس محلول کو ہلکی آنچ پر رکھ کر اس قدر پکائیں کہ ایک تار ہو جائے ۔ کسی شیشےکی بوتل کو گرم پانی سےصاف کرنے کے بعدشربت ڈال کر ڈھکن اچھی طرح بند کر دیں۔ لیجیے صندل کا عمدہ اور خالص شربت تیار ہے ۔

ذیابیطس کے مریضوں کیلئے رمضان میں میٹھے پکوان

ذیابیطس میں مبتلا افراد کو کھانے پینے میں خاص احتیاط برتنی پڑتی ہے۔ روزوں کے دوران ذیابیطس کے مریضوں کا گلوکوز لیول اتار چڑھاؤ کا شکار رہتا ہے۔ ایسے میں اگر وہ میٹھی اشیا کا زائد استعمال کرلیں تو گلوکوز لیول حد سے بڑھ سکتا ہے اور یہ انتہائی خطرناک بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

رمضان میں افطاری کا اہتمام کرتے ہوئے ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی شوگر فری پکوان بنائے جاسکتے ہیں۔اس طرح وہ ماہ ِرمضان میں ڈاکٹر کی ہدایت کےمطابق عمل کرتے ہوئے اپنے پسندیدہ میٹھے پکوانوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ چند شوگر فری پکوانوں کی تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔

ڈائبیٹک کوکیز

درکار اجزاء:

مکھن ۔ایک سو گرام

بران شوگر۔ 110 گرام

انڈہ۔ ایک عدد

دودھ۔ دو کھانے کے چمچ

نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

میٹھا سوڈا ۔آدھا چائے کا چمچ

چنے ۔ایک سو پچاس گرام (بُھنے ہوئے)

میدہ ۔ایک سو پچاس گرام

مونگ پھلی ایک سو پچاس گرام

ترکیب:

اوون کو 170 ڈگری پر گرم کرلیں۔ اب ایک پیالے میں مکھن اور بران شوگر کو اچھی طرح مکس کریں پھر اس میں انڈہ، دودھ، نمک، میٹھا سوڈا، چنے، میدہ اور مونگ پھلی مکس کردیں۔ اس کے بعد اپنی پسند کی شکل میں کوکیز بناکر بیک کریں۔ دس سے بارہ منٹ میں کوکیز تیار ہو جائیں گی۔ پھر انہیں ٹھنڈا کرکے ایئر ٹائٹ جار میں ڈال دیں اورضرورت پڑنے پر استعمال کریں۔

ڈائیبٹک فریش ایپل کیک

درکار اجزاء:

سوئیٹنر۔دو کپ

انڈے۔تین عدد

سیلف ریزنگ فلار۔تین کپ

اورنج جوس۔ایک چوتھائی کپ

تیل۔ڈیڑھ کپ

دارچینی۔ایک کھانے کا چمچ

ونیلا ایسنس۔ایک کھانے کا چمچ

کٹے اخروٹ۔ایک کپ

سوکھا کھوپرا۔ایک کپ

باریک کٹے سیب۔تین کپ

آئسنگ شوگر۔تھوڑی سی

ترکیب:

پہلے اوون کو 235 ڈگری پر گرم کریں اور ایک ٹیوب پین پر گریس لگالیں۔ اب ایک بڑے پیالے میں سوئیٹنر، انڈے، سیلف ریزنگ فلار، اورنج جوس، ڈیڑھ کپ تیل، دار چینی اور ونیلا ایسنس ڈال کر بیٹ کر لیں۔ آمیزہ جب فلفی ہو جائے تو کٹے اخروٹ، سوکھا کھوپرا اور باریک کٹے سیب ڈال کر فولڈ کریں۔ اس آمیزے کو گریس کیے پین میں ڈال کر پہلے سے گرم اوون میں 90 منٹ بیک کریں۔ آخر میں اس پر تھوڑی سی آئسنگ شوگر چھڑک کر پیش کریں۔

شوگر فری فروٹی دہی

درکار اجزاء:

کٹا ہوا انناس۔ ایک کپ

کٹا ہواپپیتا۔ ایک کپ

تازہ اورنج جوس ۔ایک کپ

تازہ گاڑھا دہی۔ چار کپ

شوگر فری سویٹنر۔ ایک کھانے کاچمچ

ترکیب:

تمام پھلوںکو گرائنڈر میں ڈالیں اور پھر اس میں اورنج جوس اور سویٹنر شامل کرکے سب کواچھی طرح گرائنڈ کرلیں۔ اب اس میں آہستہ آہستہ دہی شامل کریں اور پھر سارے آمیزے کو اس وقت تک گرائنڈ کریں جب تک کہ سب اشیا ایک ہی شکل میں نہ ہوجائیں۔ اس آمیزے کو اپنے ذائقہ کے مطابق گاڑھا یا پتلا کیا جا سکتا ہے۔ ٹھنڈا کرکے اسے گلا س میں ڈال کرپیش کریں۔

شوگر فری کدو کا حلوہ

درکار اجزاء:

کدو ۔ڈیڑھ کلو

دودھ۔ سات سو پچاس ملی لیٹر

شوگر فری سویٹنر۔ پسند کے مطابق

میدہ۔ 250 گرام

تیل۔حسبِ ضرورت

ہری الائچی۔چھ عدد (پسی ہوئی)

کاجو۔ بارہ عدد

پستے۔ بارہ عدد

بادام ۔بارہ عدد

بادام ایسنس ۔چند قطرے

گلاب کا پانی۔ چند قطرے

کھانے کا رنگ (ہرا)۔ چند قطرے

ترکیب:

ایک بڑی اور گہری کڑاہی میں تیل گرم کریں۔ اب اس میں کدو ڈال کر ہلکی آنچ پر سوتے کرلیں۔ جب خوشبو آئے تو دودھ اور سویٹنر شامل کر کے پکالیں۔ کدو نرم ہو جائے تو ہینڈ بلینڈرکی مدد سے پیس لیں۔ اب بادام کا ایسنس ، گلاب کا عرق اور الائچی ڈال کر پکائیں۔ جب تیل الگ ہو جائے تو تھوڑا سا میدہ ڈال کر مسلسل چمچ چلاتے جائیں۔ کدو کا حلوہ تیار ہونے پر پستہ، کاجو اور بادام سے سجا کر گرما گرم پیش کریں۔

شوگر فری کدو کی فیرنی

درکار اجزاء:

سبزکدو ۔ایک پاؤ

الائچی۔ حسبِ ذائقہ

سویٹنر۔ حسبِذائقہ

دودھ۔ ایک کلو

بادام، پستہ ۔ حسبِ ضرورت

ترکیب:

کدو چھیل کر ابال لیں اور پھر پیس کر دودھ میں ملائیں، اسے 5منٹ پکا کر چھلنی سے چھان لیں۔ اب ایک بار پھر اس دودھ کے آمیزے کو خوب پکائیں اور آخر میں سویٹنر شامل کر کے چمچ چلائیں۔ جب یہ فیرنی کی طرح تیار ہو جائے تو الائچی ، بادام اور پستہ ڈال کر کھانے کے لیے پیش کریں۔

شوگر فری چاکلیٹ براؤنی

درکار اجزاء:

شوگر فری چاکلیٹ۔4/1کپ

بران شوگر۔2/1کپ

کیلوریز فری سویٹنر۔2/1کپ

انڈے۔2عدد

میدہ۔ آدھا کپ

تیل۔2/1کپ

بیکنگ سوڈا۔ ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

اوون ڈش کو تیل سے گریس کرلیں، پھر اس پر بٹر پیپر بچھا دیں اور ایک کھانے کا چمچ میدہ اس پر چھڑک دیں۔ اس کے بعد ایک پین میں شوگر فری چاکلیٹ کو اس طرح پگھلا لیں کہ وہ کریم کی طرح ہوجائے۔اب ایک بائول میں انڈے بیٹ کریں پھر ان میں چاکلیٹ والا مکسچر ملا دیں،اس کے بعدمیدہ،بران شوگر اور کیلوریز فری سویٹنر ملا کر ہاتھ والے بیٹر سے اچھی طرح مکس کرلیں۔ 

اس مکسچر کو اوون ڈش میں ڈال کے پری ہیٹ اوون میں80ڈگری پربیس منٹ کیلئے بیک کریں۔اوون سے نکال کے دو منٹ کیلئے ٹھنڈا کریں اور پھر سانچے سے نکالیں۔ اسےکاٹ کر اوپر شوگر فری کوکو پائوڈر چھڑک کر گرم گرم پیش کریں۔

تازہ ترین