• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم نیب قوانین سے ناخوش، نواز شریف سے سودے بازی نہیں ہورہی ،فواد چوہدری

کراچی (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت صوبوں سے اختیارات واپس لینے کے حق میں ہرگز نہیں لیکن صوبوں میں رقم کی تقسیم کے لیے بنائے گئے این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے میں تبدیلی آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نیب قوانین سے وزیراعظم خوش نہیں ہیں ،18ویں ترمیم پرحزب اختلاف بالخصوص نواز شریف سے سودے بازی نہیں ہورہی ، وزارئے اعلیٰ اپنے اختیارات شیئر کرنے کو تیار نہیں، ہمارے وزرائے اعلیٰ تو وزیراعظم سے بھی زیادہ بااختیار ہیں، فوج پاکستان میں اسٹیک ہولڈر ہے۔ 

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو بڑی رقم چلی جاتی ہے لیکن وفاق کے پاس کچھ نہیں بچتا۔اس وقت جو پاکستان کا سب سے بڑا خرچہ ہے وہ قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگی ہے جبکہ دفاعی بجٹ بھی وفاق کا ایک بڑا خرچہ ہے۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ یہ معاملات این ایف سی ایوارڈ کے تحت آتے ہیں اس لیے ’این ایف سی ایوارڈ میں ایڈجسٹمنٹ ہونی چاہیے‘ اور اس پر جلد بحث کا آغاز ہو گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’18ویں ترمیم کے پہلے حصے یعنی اختیارات کی صوبوں کو منتقلی پر تمام جماعتیں متفق ہیں اور پی ٹی آئی تو ایک قدم آگے ہے کہ یہ اختیارات نچلی سطح پر ہوں۔ مگر بد قسمتی سے یہی وہ حصہ ہے جس میں اپوزیشن ناکام ہوئی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ’اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہی یہ ہے کہ ہمارا سب سے زیادہ پیسہ صوبوں کو جاتا ہے، مگر میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ صوبوں میں وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری کا دفتر ہی اصل اختیارات کی نیچے منتقلی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

تازہ ترین