• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں مارکیٹیں کھل گئیں، احتیاطی تدابیر نظر انداز


عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر ملک بھر  میں جاری لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے کے بعد آج سے ملک کے بڑے چھوٹے شہروں میں مارکیٹیں کھل گئیں اور خریدار پہنچنا شروع ہو گئے ہیں تاہم کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیےاحتیاطی تدابیر نظر انداز کی جارہی ہیں۔

کراچی

شہر قائد کراچی کے مختلف مقامات پر مارکیٹیں کھل گئیں ہیں جبکہ طارق روڈ، لائٹ ہاوس، صدر کوآپریٹو مارکیٹ سمیت دیگر میں شہریوں کی جانب سے خریداری بھی شروع ہو گئی ہے، شہر میں کپڑوں، پردوں و دیگر سامان کی خریداری کی جارہی ہے جبکہ کوروناوائرس سے بچاؤ کے لیے کچھ دکانوں میں احتیاطی تدابیر کا خیال نہیں رکھا جارہا۔

لاہور 

دوسری جانب پنجاب کے شہر لاہور کے مختلف علاقوں مال روڈ، ہال روڈ، انارکلی، نیلا گنبد، پرانی انارکلی، موچی گیٹ، سرکلر روڈ کی مارکیٹیں و دیگر کاروباری مراکز کھل گئے ہیں۔

لاہور میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد بیوٹی سیلون اور حجام کی دکانیں بھی کھل گئیں جبکہ مارکیٹوں میں ایس اوپیز پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر  ہے، اکثریتی مارکیٹوں میں تاجروں اور خریداروں نے ماسک تک نہیں پہنے ہوئے اور دکانوں کے اندر ہینڈ سینیٹائرز کی سہولت بھی موجود نہیں۔

حکومت پنجاب نے تاجروں کو صبح 8 سے شام 5 بجے تک کاروبار کی اجازت دی ہے اور دکانیں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

لاہور میں جوتوں، کپڑوں، موبائل فون، پلاسٹک، ہارڈ وئیر کی دکانیں بھی کھلی ہوئی ہیں۔

حیدرآباد

اس طرح حیدرآباد میں بھی ریشم بازار، الیکٹرونکس مارکیٹ، کوہ نور چوک، شاہی بازار، کپڑا مارکیٹ کھلنا شروع ہو گئیں ہیں، بازاروں میں خریداری کے لیے شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

حیدرآباد میں صبح 8 سے شام 4 بجے تک کاروبار کا وقت ہونے کے باوجو دکانیں 10 بجے سے کھلنا شروع ہوئیں۔

کوئٹہ

بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت مختلف دکانیں اور کاروباری مراکز کھل گئے ہیں جن میں ٹیلر شاپس، حجام، تعمیراتی سامان، پلمبر اور الیکٹرک شاپس ، کپڑے، گارمنٹس اور آٹو ورکشاپس اور موٹرسائیکل مرمت کی دوکانیں شامل ہیں ۔

حکومت بلوچستان کی جانب سے کوئٹہ میں دکانداروں کو صبح 3 سے شام 5 بجے تک کاروبارکی اجازت دی گئی ہے۔

جیکب آباد 

جیکب آباد میں بھی کپڑا مارکیٹ، سینیٹری بازار، آئرن مارکیٹ، اناج منڈی کی دکانیں کھل گئیں ہیں۔

ٹھٹھہ

ٹھٹھہ شہر میں بھی الیکٹرونکس، کپڑے اور شوز اسٹور سمیت دیگر دکانیں کھل گئی ہیں مگر کاروبار کےحوالے سے بنائی گئیں ایس اوپیز پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی سماجی فاصلے اور ماسک کا استعمال کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین