• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی نے مدرز ڈے کے موقع پر اپنی بہن صبور علی کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اُداس نہیں ہو، امّی ہمیشہ ہمارے ساتھ ہیں۔‘

ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر جہاں دیگر شوبز فنکار اپنی ماؤں کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر  شیئرکرتے ہوئے اُن کے لیے محبت بھرے پیغامات لکھ رہے ہیں تو وہیں نامور اداکارہ صبور علی نے اپنی مرحوم والدہ کو یاد کرتے ہوئے اُن کے ساتھ اپنی اور سجل علی کے بچپن کی یادگار تصویر انسٹاگرام پر شیئر کردی۔


انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصویر کے ساتھ صبور علی نے اپنی مرحوم والدہ کے ساتھ ماضی کے خوبصورت لمحات کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں جب بھی اُداس ہوتی تھی تو ماما کے پاس جاکر بیٹھ جاتی تھی پھر وہ میرے لیے دُعا کرتی تھیں اور اُن کی دُعا قبول ہوجاتی تھی۔‘

صبور علی نے اپنے جذبات پر قابو نہ پاتے ہوئے لکھا کہ ’معلوم ہی نہیں تھا کہ ایک وقت ایسا بھی آئے گا کہ مجھے ماما کی دُعاؤں کی ضرورت ہوگی لیکن ماما میرے ساتھ نہیں ہوں گی۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ’اب تو میں ماما کے روز خواب میں آنے کا انتظار کرتی ہوں۔‘

اداکارہ نے اپنے مداحوں کو ماں کی قدر کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ’ماں ایک ایسی ہستی ہے جو اپنی آخری سانس تک اپنی اولاد کا حوصلہ بلند کرتی ہے، یہ ایک ایسا رشتہ ہے جس کا کوئی نعمل البدل نہیں۔‘

صبور علی کی اِس جذباتی پوسٹ پر سجل علی نے کمنٹ کرتے ہوئے اپنی بہن کو تسّلی دی کہ ’اُداس نہ ہو، وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ ہیں اور رہیں گی۔‘

یاد رہے کہ صبور علی اور سجل علی کی والدہ جان لیوا کینسر میں مبتلا ہونے کی وجہ سے 2017 میں انتقال کر گئی تھیں۔

تازہ ترین