خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ پشاور میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ آرہے ہیں۔
میڈیا بریفنگ میں اجمل وزیر نے کہا کہ کاروبار کھولنے کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہوا تو کاروبار سیل کردیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا خود مانیٹر کررہے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اگر وہ بے احتیاطی کریں گے تو لاک ڈاؤن سخت کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 1988 افراد کو قرنطینہ سینٹرز میں رکھا گیا ہے جبکہ بیرون ملک سے 1932 افراد صوبے میں آئے ہیں، جن کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
اجمل وزیر نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز، طبی عملہ اور پاک فوج کے جوان کورونا کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں۔