واشنگٹن (اے ایف پی) امریکا اور ایران کے درمیان قیدیوں کے تبادلے پر پیر کے روز گرما گرم بحث ہوئی ہے، امریکا کے ایک عہدیدار نے ایران کو مخاطب کرتے ہوئے طنزاً کہا ہے وہ اپنے شہریوں کی واپسی کیلئے اپنا چارٹر طیارہ بھیج دے۔ ایرانی حکومت کے ایک ترجمان نے کہا تھا کہ تہران نے کچھ عرصہ قبل تمام ایرانی قیدیوں اور امریکی قیدیوں کی رہائی کے تبادلے کی پیشکش کی تھی تاہم امریکا نے اس کا جواب تاحال نہیں دیا ہے۔ پیر کے روز سوشل میڈیا پر ایران کی اس پیشکش کا جواب دیتے ہوئے امریکی محکمہ داخلہ کے قائم مقام نائب سربراہ کین کوکینیلی نے کہا کہ امریکا ایرانی شہریوں کی واپسی کیلئے اصرار کرتا رہا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ہمارے ملک میں آپ کے 11 شہری ہیں جو غیر قانونی خلائی مخلوق ہے اور ہم انہیں آپ کے ملک واپس بھیجنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ اب اچانک آپ ان کی واپسی چاہتے ہیں تو اپنا چارٹر طیارہ بھیج دیں ہم ان تمام 11 افراد کو ایک ہی وقت میں واپس کردیں گے؟۔