وفاقی وزیر منصوبہ اسد عمر نے چینی تحقیقاتی کمیشن کے روبررو پیش ہوکر اپنا بیان قلم بند کرادیا ہے۔
اسد عمر نے اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کے فیصلوں کے حوالے سے چینی کمیشن کے سربراہ واجد ضیا کے سامنے بیان قلمبند کرایا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے خود کہا تھا کہ میں چینی کمیشن کے سامنے پیش ہونا چاہتا ہوں، وزیراعظم چینی کمیشن کو جواب دہ نہیں ہیں۔
اسد عمر نےمزید کہا کہ ای سی سی کا چیئرمین تھا، اسی حیثیت میں جواب دینے آیا، کمیشن نے مجھ سے سوالات پوچھے، جس کے جوابات میں نے دیے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان قوم کو ناامید نہیں کریں گے، میرے علم میں کمیشن کی توسیع سے متعلق کوئی بات نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چند دن میں چینی تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ آجائے گی جس کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔
اسد عمرنے یہ بھی کہا کہ لوگ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں گے تو محفوظ ہوں گے، جس طرح کل لوگوں کو دیکھا یہ بے احتیاطی ٹھیک نہیں، مشورہ ہے کہ عوام اپنے اور اپنی فیملی کےلیے احتیاط کریں۔