کراچی (سی ایم ڈی ڈیسک)ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہاہےکہ چینی کمیشن کا مقصد عمران ،اسد اور بزدار کو بچانا ہے، شہباز شریف کے انٹرویوکی وضاحت یا تو وہ خود کر سکتے ہیں یا سہیل وڑائچ یا وہ دو صحافی جن کا ذکر کیاگیاہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جیو کے پروگرام آپس کی بات میں کیا، پروگرام میں فیصل کریم کنڈی ، ملک احمد خان اور سینیٹر ولید اقبال بھی موجود تھے۔
پروگرام میں چینی ایکسپورٹ کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کے حقائق بڑے واضح ہیں ای سی سی خود فیصلے نہیں کرسکتی اس کا فیصلہ کابینہ میں جاتا ہے کابینہ اس پر حتمی فیصلہ کرتی ہے یہ مجموعی ذمہ داری ہوتی ہے وزیراعظم کابینہ کو چیئر کرتا ہے وہ اس کے ذمہ دار ہیں اس میں کوئی دو رائے نہیں ہیں۔
اگر وزیراعظم سمجھتے ہیں انہیں اس فیصلے کا علم نہیں تھا تو بتادیں اسد عمر نے خود ہی فیصلہ کر دیا ہے یہ جان بچانے کی کوشش کی جارہی ہے، اس کمیشن کا صرف ایک مقصد ہے کہ ان تین افراد کو عمران خان اسد عمر اور عثمان بزدار کو بچایاجائے اور جہانگیر ترین ہوں یا خسرو بختیار ہوں ان کو قربانی کا بکرا بنا دیا جائے۔
چینی کی قیمت میں اضافہ صرف ایک وجہ سے ہوا وہ ایکسپورٹ کا فیصلہ ہے جو ای سی سی کرتی ہے۔جب تک وزیراعظم سے بلا کر نہیں پوچھیں گے کمیشن کا مقصد فوت ہوجائے گا۔ نیب بنا ہی سیاسی انجینئرنگ کے لئے تھاآج بھی اسی کے لئے استعمال ہو رہا ہے۔نیب نے ملک کے اداروں کو مفلوج کر دیا ہے، ضروری ہے اس نیب کو ختم کر دیا جائے اور اگر یہ چاہتے ہیں کہ اس کا اطلاق مسلم لیگ ن پر ہوتا رہے تو یہ بھی لکھ دیں ہم تیار ہیں بس ملک کو بچائیں۔
شہباز شریف کے انٹرویو کے حوالے سے کہا کہ اس کی وضاحت یا تو شہباز شریف کر سکتے ہیں یا سہیل وڑائچ کرسکتے ہیں یا وہ دو صحافی جن کا ذکر کیا گیا ،میں اپنی حد تک بات کرسکتا ہوں کہ مجھے اس قسم کی ڈیل کا کوئی علم نہیں اور میں نے پارٹی میں بہت سے لوگوں سے بھی پوچھا کسی کو اس چیز کا علم نہیں ہے۔
ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ اپنی جگہ پر ہے، الیکشن کے فیصلے حکومتوں کے فیصلے پاکستان کے عوام کے ہاتھ میں ہونے چاہئیں، یہ کسی بند کمرے یا ڈیل کے نتیجے میں نہیں ہونے چاہئیں۔
ہم نے ماضی میں بہت ڈیلز کی ہیں اور مار کھائی ہے کم از کم ماضی کی ڈیلوں سے سبق حاصل کرلیں اور مستقبل میں پاکستان کے عوام کو پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا موقع دیں۔