لاہور(نمائندہ جنگ)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو احتساب عدالت میں پیش نہ کئے جانے کی وجہ سے رمضان شوگر ملز کیس کے ضمنی ریفرنس میں فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ عدالت نے حمزہ شہباز کو ضمنی ریفرنس میں فرد جرم عائد کر نے کیلئے 5جون کو پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔جبکہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے نمائندے کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی گئی ۔احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے کیس کی سماعت کی۔ جیل حکام نے کورونا خدشات کی وجہ سے حمزہ شہباز کو عدالت پیش کرنے سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے رپورٹ پیش کی ۔شہباز شریف کے پلیڈر چوہدری محمد نواز ایڈووکیٹ کی علالت کے باعث حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا ۔عدالت نے کہا کہ شہباز شریف کی جگہ ان کے نمائندے نے پیش ہونا تھا اگر آئندہ پیشی پر بھی نمائندے پیش نہ ہوئے تو شہباز شریف خود پیش ہوں ۔نجی ٹی وی کے مطابق شہباز شریف کے نمائندے چوہدری محمد نواز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے۔