• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی مؤثر امریکی دوا چند ہفتوں میں تیار کر لیں گے: ظفر مرزا

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کورونا کی مؤثر امریکی دوا ’ریم ڈیزیور‘ کی پاکستان میں چند ہفتوں میں تیاری شروع ہو جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ کورونا وائرس کی ابھی نہ ویکسین ہے نہ کوئی مستند علاج ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امریکا دوا ساز کمپنی جیلی ایٹ نے دوا ’ریم ڈیزیور‘ بنا کر کہا ہے کہ یہ کورونا کی مؤثر دوا ہے، بتایا گیا ہے کہ دوا کے استعمال سے مرض کی شدت میں 30 فیصد کمی آئی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ امریکی دوا ساز کمپنی نے کورونا وائرس کی دوا بنائی اور تجرباتی طور پر استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ایک لوکل دوا ساز کمپنی نے امریکی کمپنی کے ساتھ انتظامات کیے، 7 مارچ کو وزیرِ اعظم عمران خان نے ملٹی نیشنل کمپنی کی لیڈر شپ سے بات چیت کی، انہوں نے دوا ساز کمپنی کو یقین دلایا کہ پاکستان میں اس دوا کی کوالٹی مینیوفیکچرنگ ہوسکتی ہے۔

وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہ اکہ امریکی ملٹی نیشنل کمپنی نے دنیا میں 5 کمپنیوں کو دوا بنانے کا لائسنس دیا ہے، ان پانچ کمپنیوں میں ایک کمپنی پاکستان میں کورونا کی دوا بنائے گی، چند ہفتوں میں یہ دوا جو انجکشن کی صورت میں ہے پاکستان میں بننا شروع ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 6 سے 5 ہفتوں میں دوا کی رجسٹریشن ہوگی، پاکستان میں فاسٹ ٹریک رجسٹریشن کے بعد 6 سے 8 ہفتوں میں دوا ’ریم ڈیزیور‘ دستیاب ہوگی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا  نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ یہ دوا ’ریم ڈیزیور‘ کم سے کم قیمت میں یقینی بنائی جائے، پاکستان سے یہ دوا 127 ممالک میں ایکسپورٹ بھی ہوسکے گی، دنیا کے 3 ممالک میں اس دوا کی پروڈکشن اور ایکسپورٹ ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھنے کا امکان ہے، کورونا کی وباء کے خلاف صفِ اوّل میں لڑنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈکس کا تحفظ ناگزیر ہے، انفرادی حفاظتی سامان پر مکمل آگہی اور درست استعمال حفاظت اور بہتری کے لیے بہت ضروری ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے وزارتِ صحت اور ماہرین کے اشتراک سے رہنما اصول اور ضابطہ کار تیار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضابطہ کار اور رہنما اصول شعبۂ صحت سے وابستہ تمام افراد کے لیے مختلف جگہوں پر آویزاں کیے گئے، کورونا کے خلاف فرض نبھانے والے ہراول دستے کے ہر عظیم مجاہد تک رہنما اصول و ضوابط پہنچائے گئے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ان رہنما اصولوں اور ضابطہ کار سے فوائد کے حقیقی حصول کے لیے ایک دستاویزی فلم بھی تیار کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دستاویزی فلم میں بتایا گیا ہے کہ کب، کس وقت، کن حالات میں کون سا انفرادی حفاظتی سامان استعمال کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ڈاکٹر ظفر مرزا نے اگلے 3 تا 4 ہفتے اہم قرار دیدے

وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ دستاویزی فلم میں انفرادی حفاظتی سامان اور آلات کے استعمال کا مکمل طریقہ کار واضح بتایا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دستاویزی فلم ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈکس، شعبۂ صحت سے وابستہ دیگر افراد کے لیے بہترین بصری مدد ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ضابطہ کار اور رہنما اصولوں کا مقصد انفرادی حفاظتی سامان اور آلات کا ہر ممکن درست استعمال ہے۔

انہوں نے کہا کہ دستاویزی فلم سے ڈاکٹرز کی معاونت، انفرادی حفاظتی سامان اور وسائل کے بہتر استعمال میں مدد مل سکے گی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصب برائے صحت نے کہا کہ اس اقدام سے انفرادی حفاظتی سامان اور آلات کے غیر ضروری استعمال کی بھی حوصلہ شکنی ہو گی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا پریس کانفرنس میں یہ بھی کہنا ہے کہ حفاظتی سامان طبی مراکز، مریضوں کے پاس، آؤٹ پیشنٹ اور لیبارٹری پر ضروری ہے۔

تازہ ترین