• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت عید سے قبل بیرون ملک پھنسے تمام افراد کی واپسی یقینی بنائے، شہباز شریف


صدر مسلم لیگ نون اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی پریشانی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور ان کی فوری وطن واپسی کے لیے اضافی اور خصوصی پروازیں چلانے کا مطالبہ کیاہے۔

شہباز شریف نے حکام سے مطالبہ کیا کہ جہاز چارٹر کریں لیکن عیدالفطر سے قبل بیرون ملک پھنسے تمام پاکستانیوں کی وطن واپسی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نےکہا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے ساتھ بھیڑ بکریوں کا سلوک بند کیا جائے، مریض، بزرگ، طلباء، فیملیز سمیت دیگر پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

مسلم لیگ نون کے صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، وزیر خارجہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو احساس ہوتا تو اب تک یہ آپریشن مکمل ہو جاتا، حکومت کی توجہ عوام کی مشکلات حل کرنے کے بجائے تقریروں، تسلیوں اور اپوزیشن کو فتح کرنے پر ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانوں پر لمبی قطاریں حکمرانوں کی بےحسی اور پاکستانیوں کی بے بسی کامنہ بولتا ثبوت ہے، ہر مرحلے پر ملک کی مدد کرنیوالے پاکستانیوں کو سفاک حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے اب کمٹمنٹ کہاں ہے؟،حکومت کو یہ احساس بھی نہیں کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے پاس وسائل بھی ختم ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آفس، وزارت خارجہ اور ایک چہیتے وزیر کی پرچی وطن واپسی کی شرط بنا دینے کی شکایت تشوشناک ہے،پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے پرچی سسٹم ختم کرکے فوری جامع حکمت عملی بنائی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے ساتھ یہ رویہ انتہائی قابل مذمت، قابل افسوس اور شرمناک ہے۔

تازہ ترین