• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی معیشت کو شدید چیلنجز کا سامنا ہے، مشیر خزانہ

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ تمام ادارے اخراجات میں کمی کے لیے تجاویز پیش کریں، کورونا وائرس کے باعث ملکی معیشت کو شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔

حفیظ شیخ نے کہا کہ تمام وزارتوں کو محدود وسائل کے تحت ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، آئندہ بجٹ میں چار صوبائی اسپتال وفاق کو منتقل کرنے پر غور کیا گیا۔

مشیر خزانہ کی زیر صدارت بجٹ اجلاس ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ کوروناوائرس کے دوران تمام وزارتوں اور محکموں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ پر مذاکرات کے ذریعے چار اسپتال وفاق کو منتقل ہوں گے، اسپتال منتقل ہونے سے وفاق پر 27 ارب روپے کے اخراجات کا بوجھ پڑے گا۔

اجلاس میں ڈیبٹ ونگ کی قرضوں کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی، آئندہ مالی سال کے بجٹ خسارے کا جائزہ لیا گیا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث قرضوں کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، قرض مارکیٹ میں بینکوں کا شیئر بڑھ چکا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق معاشی دباؤ کے باعث قرضوں کی شرح بہ لحاظ جی ڈی پی خراب ہوئی ہے، قرضوں کا پورٹ فولیو بہتر کرنے کے لیے شریعہ بانڈز جاری کیے جائیں۔

اجلاس میں مشیر خزانہ کو سیکرٹری خزانہ نے اخراجات میں کمی پر بریفنگ دی گئی اور تمام جاری اخراجات میں کمی کا جائزہ لیا گیا۔

وزارت خزانہ نے کہا کہ سرکاری امور کی انجام دہی کے اخراجات میں کمی پر غور کیا گیا، سود ادائیگیوں اور سبسڈیز میں کمی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کفایت شعاری پالیسی پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا اور آئندہ بجٹ میں سپلیمنٹری گرانٹس کو روکنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق بجلی کی سبسڈی احساس پروگرام کے ذریعے جاری کرنے کی تجویز پیش کی گئی، آئندہ بجٹ کے لیے نجکاری پروگرام کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے اخراجات کی ترجیحات کا تعین کیا جائے، آئی ایم ایف نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فنڈز فراہم کیے ہیں۔

تازہ ترین