کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ضلعی ناظم صحت کوئٹہ ڈاکٹراحمدزمان جمالی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں بچوں کو خسرہ اور دیگر مہلک بیماریوں کے حفاظتی ٹیکہ جات20سینٹرز میں دوبارہ شروع کردیئے گئے ہیں والدین اپنے بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے قریبی سینٹرز میں لے جاکر حفاظتی ٹیکے ضرور لگائیں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے ای پی آئی سینٹرز میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم عارضی طورپر بند کی گئی تھی تاہم اب کوئٹہ کے 20سینٹرز کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے جہاں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوائے جاسکتے ہیں۔انہوں نے ای پی آئی سینٹرز پر تعینات عملے کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے جائے تعیناتی پر ڈیوٹی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر انکے خلاف قانون کے مطابق کارورائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکے بنیادی مرکز صحت وحدت کالونی، بنیادی مرکز صحت پولیس لائن، بنیادی مرکز صحت احمدخانزئی،بنیادی مرکز صحت کیچی بیگ،بنیادی مرکز صحت رحیم گل بلیلی،بنیادی مرکز صحت نیوپشتون آباد،بنیادی مرکزصحت پشتون باغ،بنیادی مرکز صحت ہدہ مبارک،ای پی آئی سینٹر کرسچن ہسپتال، ای پی آئی سینٹر جونیئراسسٹنٹ کالونی،ای پی آئی سینٹر سول ہسپتال، ای پی آئی سینٹر سمنگلی،ا ی پی آئی سینٹر کلی کبیر تاجک،ایم سی ایچ سینٹر گوالمنڈی،ای پی آئی سینٹر نیو مری آباد، ای پی آئی سینٹر فاطمید فاونڈیشن،ای پی آئی سینٹر سی ایچ کیو ہسپتال، ای پی آئی سینٹر ریلوے ہسپتال میں بچوں کوخسرہ سمیت دیگر مہلک بیماریوں سے بچائو کے حفاظتی ٹیکہ جات لگوائے جاسکتے ہیں۔