ملائیشیا کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی شروع ہوگئی، 417 قیدیوں کو لے کر غیر ملکی ایئر لائن کی دو پروازیں لاہور پہنچ گئیں، تیسری اور آخری پرواز کل دوپہر پاکستان پہنچے گی۔
ملائشین ایئر لائن کی پہلی پرواز 250 پاکستانی قیدی کو لے کر دوپہر ساڑھے 12 بجے دن لاہور پہنچ گئی جبکہ دوسری پرواز کے ذریعے مزید 167 پاکستانی بھی وطن واپس پہنچے ہیں۔
قیدیوں کی رہائی کے سلسلے میں وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے ملائیشین حکومت سے رابطہ کیا تھا، قیدیوں کی واپسی کے پروگرام کی نگرانی ملائیشیا میں موجود پاکستانی قونصلر آمنہ بلوچ نے کی۔
ملائیشیا میں موجود پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ کے مطابق عید سے قبل 3 فلائٹس کے ذریعے تمام پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ملائیشیا کی جیل میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے سلسلے کی آخری پرواز کل لاہور پہنچے گی۔
آج لاہور پہنچنے والے تمام مسافروں اور ان کے سامان کی خصوصی اسکریننگ کی گئی اور انہیں لاہور کےمختلف قرنطینہ سینٹروں میں منتقل کر دیا گیا۔