• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مضبوط قوت مدافعت اور وزن میں کمی کیلئے ادرک کا استعمال

غذائیت اور فوائد سے  بھرپور جڑ کی شکل والی ادرک ہر باورچی خانے میں موجود ہوتی ہے ، اس کے انسانی صحت پر بے شمار فوائد ہوتے ہیں۔

ادرک کو کھانا پکاتے وقت بھی پکوان میں شامل کیا جاتا ہے، اِس کے علاوہ اِسے کھانوں میں اوپر سے بھی سجاوٹ کے طور پر شامل کیا جاتا ہے۔

ادرک میں قدرتی طور پر بہت سے ایسے فوائد موجود ہوتے ہیں جن کے بارے میں جاننے کے بعد آپ لازمی ادرک کو اپنی روزمرہ کی خوراک میں شامل کرلیں گے، ادرک متلی جیسے مسائل کا علاج ہے، یہ وزن کم کرنے میں مدد کرتی ہے اور سب سے بڑھ کر آپ کی قوت مدافعت مضبوط بناتی ہے۔

ادرک کے حیرت انگیز فوائد:

مضبوط مدافعاتی نظام:

ادرک میں اینٹی سوزش اور اینٹی آکسیڈینٹ کی خصوصیات موجود ہوتی ہیں جو آپ کی قوت مدافعت کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

ادرک کی یہ خصوصیات ہمارے جسم کے کسی بھی حصے پر ہونے والی سوزش کو کم کرتی ہیں کیونکہ ماہرین کہتے ہیں کہ سوزش ہمارے مدافعاتی نظام کو نقصان پہنچاتی ہے جس سے ہمیں بیمار ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

وزن میں کمی:

ادرک کو وزن کم کرنے والی خوراک بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ ہمارےبڑھتے وزن کو کم کرنے میں مفید ثابت ہوتی ہے، ادرک کے استعمال سے ہمیں بھوک کم لگتی ہے اور یہ ہمارے جسم میں موجود کیلوریز کی مقدار کو بھی بہتر بنانے میں مدد کرتی ہے۔

بلڈ شوگر کنٹرول کرتی ہے:

ادرک کے لیے کہاجاتا ہے کہ یہ بلڈ شوگر کی بڑھتی سطح کو برقرار رکھنے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے، یہ شوگر سے متاثرہ مریضوں کے لیے انسولین کے طور پر بھی کام کرتی ہے، تاہم اگر آپ شوگر کے مریض ہیں اور اپنی غذا میں ادرک شامل کرنا چاہتے ہیں تو ایک بار اِس کے استعمال سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کرلیں۔

پٹھوں کا درد ختم کرتی ہے:

بعض اوقات ورزش کرنے سے ہمارے پٹھوں میں درد شروع ہو جاتا ہے اور وہ درد کسی مرہم یا دوا سے وقتی طور پر تو ختم ہوجاتا ہے لیکن ہم اُس درد سے مکمل طور نجات حاصل نہیں کرپاتے۔

ایسے میں اگر دوا کی جگہ ادرک کا استعمال کریں تو ہم ضرور پٹھوں کے درد سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ ادرک فوری طور پر پٹھوں کا درد ختم نہیں کرتی ہے بلکہ اِس کے روزانہ باقاعدہ استعمال سے ہم آہستہ آہستہ اِس درد سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں، اِس کے علاوہ ادرک جوڑوں کے درد میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔

نظام ہاضمہ بہتر کرتی ہے:

ادرک دائمی بدہضمی کو کم کرنے میں کارآمد ثابت ہوتی ہے، یہ ہمیں متلی، قبض، سینے کی جلن اور تیزابیت جیسے مسائل سے دور رکھتی ہے اور ہمارا نظام ہاضمہ بہتر کرتی ہے تاکہ ہم صحت مند زندگی گزار سکیں۔

تازہ ترین