عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین کے بھائی میاں سریر حسین کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کرگئے۔
میاں سریر حسین 2 دن سے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے ائی سی یو وارڈ میں زیرِ علاج تھے۔
نوشہرہ میں ’جیونیوز‘ سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے اپنے بھائی میاں سریر حسین کی موت کی تصدیق کی اور بتایا کہ میاں سریر حسین کورونا کاشکار تھے اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے ائی سی یو وارڈ میں 2 دن سے زیرِ علاج تھے۔
میاں افتخار حسین کے مطابق اپنے بھائی اور عوام کے ساتھ میل جول کی وجہ سے ان کا اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی 9 مئی کو مثبت آچکا ہے اور انہوں نے خود کو گھر پر آئسولیٹ کیا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے، میاں افتخار
ان کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے تاہم عوام سے دعاؤں کی اپیل ہے۔
میاں افتخار حسین کے مطابق ان کے بھائی کی نمازِ جنازہ اور تدفین نوشہرہ کی تحصیل پبی میں عالمی ادارۂ صحت کے اصولوں کے مطابق کی جائے گی۔