آپ آف لائن ہیں
جمعرات17؍ذیقعد 1441ھ9؍جولائی2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

مفتی غلام مصطفیٰ رفیق

قرآن کریم نور ہے، اس کے ذریعہ راہِ نجات تلاش کی جاتی ہے، اس میں شفاء ہے، اس سے روحانی وجسمانی امراض سے نجات ملتی ہے۔ اس کے عجائبات وغرائب کی کوئی انتہاء ہے، نہ اس کے فوائد کی کوئی حد۔ یہ وہ کتاب ہے جس نے اولین وآخرین، جنّ وانس کو ہدایت کی راہ دکھائی، جن لوگوں نے اس سے اعراض کیا اور اس سے لو لگائے بغیر راہ رو بنے ،وہ کامیابی کی منزل نہ پاسکے، انہیں منزل نہ ملی،اور جنہوں نے اس کتاب پر اعتماد کیا وہی کامیاب ہوئے، جنہوں نے اس کے مطابق عمل کیا ،وہ دین ودنیا کی سعادت سے بہرہ ور ہوئے۔ یہ خصوصیات اس لئے بھی ہیں کہ یہ کتاب محفوظ کتاب ہے، اس کی حفاظت کے مختلف اسباب ہیں، ایک سبب تلاوت کی کثرت بھی ہے۔ قرآن کریم عام کتابوں سے ممتاز ہے، اس لئے اس کی تلاوت کے بھی کچھ آداب ہیں، جن کی رعایت لازم ہے، ذیل میں وہ آداب ذکر کئے جاتے ہیں۔ 

پہلا ادب: پاکیزگی… تلاوت کرتے وقت آدمی باوضو ہو، ادب واحترام کے ساتھ تلاوت کرے، خواہ کھڑے ہوکر یا بیٹھ کر، اگر بلاوضو لیٹ کر تلاوت کی جائے، تب بھی ثواب ملے گا، قرآن کریم میں ارشاد ہے: ’’جو لوگ کھڑے اور بیٹھے اور لیٹے (ہرحال میں) اللہ کو یاد کرتے ہیں اور آسمان وزمین کی پیدائش میں غور کرتے ہیں‘‘(آل عمران:۱۹۱)۔ البتہ افضل یہ ہے کہ بیٹھ کر، قبلہ رخ ہوکر باوضوہونے کی حالت میں تلاوت کی جائے، چار زانو ہوکر بیٹھنے اور تکیہ لگانے سے اجتناب کرے۔ دوسرا ادب: پڑھنے کی مقدار …مقدار قرأت کے سلسلے میں لوگوں کی عادتیں جدا جدا ہیں، مقدار کے سلسلے میں آنحضرت ﷺ کے اس ارشاد گرامی سے بھی راہ نمائی ملتی ہے: ’’جس شخص نے تین دن سے کم میں قرآن ختم کیا اس نے سمجھا نہیں ‘‘۔(سنن ابی داؤد) وجہ یہ ہے کہ اس سے کم مدت میں ختم کرنے سے تلاوت کا حق ادا نہیں ہوتا۔ ایک روایت میں ہے کہ نبی کریم ﷺنے حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ سے فرمایا کہ سات دن میں ختم قرآن کیا کرو۔ (بخاری ومسلم) اس سے معلوم ہوا کہ معتدل درجہ یہ ہے کہ ہفتے میں ایک قرآن ختم ہو، اس سے زیادہ یہ ہے کہ ہفتے میں دو ختم کئے جائیں، اس طرح تقریباً تین دن میں ایک ختم ہوگا۔ اگر تلاوت کرنے والا عالم ہو اور قرآن کریم کے معانی ومضامین میں غور وفکر کرنا اس کا مشغلہ ہو تو اس کے لئے ایک مہینے میں ایک ختم قرآن بھی کافی ہے۔

تیسرا ادب …قرآنی سورتوں کی تقسیم جو شخص ہفتے میں ایک ختم قرآن کرے، اُسے قرآنی سورتوں کو سات منزلوں میں تقسیم کرلینا چاہئے، احادیث سے بھی اس کا ثبوت ملتا ہے۔’’حضرت عثمان ؓ جمعہ کی شب میں قرآن پاک کی تلاوت شروع کرتے اور سورۂ مائدہ کے آخر تک تلاوت فرماتے، ہفتے کی شب میں سورۂ انعام سے سورۂ ہود تک ، اتوار کی شب میں سورۂ یوسف سے سورۂ مریم تک، پیر کی شب میں سورۂ طٰہٰ سے سورۂ قصص تک، منگل کی شب میں سورۂ عنکبوت سے سورۂ ص تک، بدھ کی شب میں سورۂ زمر سے سورۂ رحمن تک اور جمعرات کی شب (شبِ جمعہ) میں سورۂ واقعہ سے آخر تک تلاوت فرماتے‘‘۔

چوتھا ادب …ترتیل کے ساتھ پڑھنا قرآن پاک کو اچھی طرح ترتیل کے ساتھ پڑھنا مستحب ہے۔ قرآن کا مقصد تدبر اور تفکر ہے، ٹھہر ٹھہر کر پڑھنے سے تدبر میں مدد ملتی ہے، چنانچہ حضرت ام سلمہؓ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تلاوت کے متعلق بیان فرمایا کہ:’’ آپ ﷺایک ایک حرف کو واضح کرکے پڑھا کرتے تھے‘‘۔ حضرت ابن عباسؓ فرماتے ہیں کہ:’’ پورا قرآن جلدی جلدی پڑھنے کے مقابلے میں میرے نزدیک یہ زیادہ بہتر ہے کہ میں صرف سورۂ بقرہ وآل عمران کی تلاوت کروں‘‘۔ یہاں یہ بات بھی ملحوظ رہے کہ ترتیل صرف تدبر کی وجہ سے مستحب نہیں ہے، بلکہ اس آدمی کے لئے بھی ترتیل مستحب ہے جو قرآن کے معانی نہ سمجھتا ہو، اس لئے کہ ٹھہر کر پڑھنے سے دل پر بھی زیادہ اثر ہوتا ہے۔

پانچواں ادب :تلاوت کے دوران کیفیت …تلاوت کرتے وقت انسان قرآن کریم کی وعید اور تہدید پر ،عذاب واحوالِ قیامت اور سابقہ قوموں کی ہلاکت کی آیات پر غور کرے اور اس دوران رونا بھی مستحب ہے، چنانچہ حدیث شریف میں ہے: ’ ترجمہ:’’قرآن پڑھو اور روؤ، اگرنہ روسکو تو رونی صورت ہی بنالو‘‘۔(ابن ماجہ، باب فی حسن الصوت بالقرآن) رونا نہ آئے تو انسان اپنے دل پر غم طاری کرلے اور یہ سوچے کہ قرآن نے مجھے کس چیز کا حکم دیا ہے اور کس چیز سے روکا ہے؟ اس کے بعد قرآنی اوامر ونواہی کی تعمیل میں اپنی کوتاہی پر نظر ڈالے، اس سے یقینا ًغم پیدا ہوگا اور غم سے ہی رونے کوتحریک ملتی ہے،رجاء وامید کی آیت گزرے تو دعا مانگے اور خوف کی آیت گزرے تو پناہ مانگے۔

چھٹا ادب: آیات کا حق ادا کرنا… دورانِ تلاوت آیات کے حقوق کی رعایت کرے، جب کسی آیتِ سجدہ سے گزرے یا کسی دوسرے سے سجدہ کی آیت سنے تو سجدہ کرے، بشرطیکہ پاکی کی حالت میں ہو، اگر زبانی تلاوت کررہا ہو اور تلاوت کرتے وقت یا سنتے وقت پاک نہ ہو تو پاک ہونے کے بعد سجدہ ادا کرلے۔

ساتواں ادب:آواز کے ساتھ تلاوت کرنا… اتنی آواز کے ساتھ تلاوت کرنا آدابِ تلاوت میں شامل ہے کہ خود سن سکے، اس لئے کہ پڑھنے کے معنی یہ ہیں کہ آواز کے ذریعے حروف ادا ہوں، اس لئے آواز ضروری ہے اور آواز کا ادنیٰ درجہ یہ ہے کہ خود سن سکے، جہاں تک زیادہ بلند آواز کے ساتھ تلاوت کرنے کا معاملہ ہے تو یہ محبوب بھی ہے اور مکروہ بھی، بعض روایات میں بلند آواز سے تلاوت کرنے کو سراہا گیا ہے اور بعض احادیث میں اسے ناپسند کیا گیا ہے۔ تطبیق کی صورت یہ ہے کہ آہستہ پڑھنے میں ریاکاری وتصنع کا اندیشہ نہیں ہے، جس شخص کو ریا کا اندیشہ وخوف ہو، اسے آہستہ پڑھنا چاہئے، لیکن اگر اس کا خوف نہ ہو اور دوسرے کی نماز میں یا کسی دوسرے عمل میں خلل بھی نہ پڑتا ہو تو بلند آواز میں پڑھنا افضل ہے، کیونکہ اس میں عمل زیادہ ہے اور جہری قرأت دل کو بیدار کرتی ہے، اس کے افکار مجتمع کرتی ہے، نیند دور کرتی ہے، پڑھنے میں زیادہ لطف آتا ہے۔

آٹھواں ادب:تحسین قرأت… قرآن کریم کو خوبصورت آواز میں پڑھاجائے، تحسین قرأت پر پوری توجہ دی جائے ، لیکن حروف اتنے نہ کھینچے جائیں کہ الفاظ بدل جائیں اور نظم قرآنی میں خلل واقع ہو، اگر یہ شرائط ملحوظ رکھی جائیں تو تحسین قرأت سنت ہے، حدیث شریف میں ہے: قرآن کو اپنی آواز سے زینت دو۔ (سنن ابو داؤد) ایک اور حدیث میں ہے:…’’اللہ تعالیٰ نے کسی اور چیز کا اس قدر حکم نہیں دیا ہے، جتنا قرآن کے ساتھ خوش الحانی کا نبی کو حکم دیا ہے‘‘۔ (صحیح بخاری)

نواں ادب:تلاوت کے بعد دعا… تلاوت سے فارغ ہوکر دعا بھی مانگنی چاہئے اور اگر اختتام تلاوت پر وہ دعا جو اکثر قرآنی نسخوں کے اخیر میں تحریر ہے:’’ اللّٰہم ارحمنی بالقراٰن العظیم‘‘ پڑھی جائے تو زیادہ بہتر ہے، بعض کتب میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی تلاوت کے بعد یہ دعا پڑھا کرتے تھے۔ (روح البیان)

دسواں ادب:عظمتِ قرآن کا استحضار… کلام اللہ کی عظمت ، علو شان اور اس کے مرتبہ ومنزلت کا دل وجان سے اعتراف کر ےاور اس بات کا تصور کرے کہ نزولِ قرآن بلاشبہ اللہ تعالیٰ کے فضل واحسان کا ایک عظیم نمونہ ہے کہ اس نے عرش بریں سے اپنا کلام اپنے بندوں کی رشد وہدایت کے لئے اتارا، ورنہ اس کتاب کے روحانی بوجھ اور تجلی کا عالم یہ ہے کہ اگر عالم مثال میں ظاہر ہوجائے تو سخت ترین پہاڑ بھی اسے برداشت نہ کرسکیں۔

گیارہواں ادب:اللہ تعالیٰ (صاحبِ کلام) کا استحضار …دوسرے ادب کا تعلق صاحبِ کلام کی عظمت سے ہے۔ جب تلاوت کرنے والا تلاوت کرے تو اپنے دل میں متکلم (اللہ تعالیٰ) کی عظمت ورفعتِ شان کا استحضار ضرور کرے اور یہ یقین رکھے کہ یہ کسی انسان کا کلام نہیں ہے ، بلکہ خالق کائنات کا کلام ہے اور اس کی تلاوت کے بہت آداب وتقاضے ہیں۔ ہر دل اس کا اہل نہیں کہ قرآن کی حکمتوں اور اس کے عظیم الشان معانی کا بار گراں برداشت کرسکے، اس لئے ضروری ہے کہ آدمی کا دل پاک اور عظمت وتوقیر کے نور سے منور ہو۔ حضرت عکرمہؓ جب قرآن پاک کھولتے تو بے ہوش ہوجاتے اور فرماتے ’’یہ میرے رب کاکلام ہے، یہ میرے رب کا کلام ہے‘‘۔

بارہواں ادب: قرآنی خطاب کو اپنے لئے خاص سمجھنا …ایک ادب یہ ہے کہ قرآن کریم کے ہر خطاب کو اپنے لئے خاص سمجھے۔ جب کوئی آیتِ نہی یا آیتِ امر سامنے آئے تو یہ سوچے کہ مجھے ہی حکم دیا گیا ہے اور مجھے ہی منع کیا گیا ہے۔ وعدو وعید کی آیات تلاوت کرے تو اُنہیں اپنے حق میں فرض کرے۔ انبیاء علیہم السلام کے قصے پڑھے تو یہ سمجھے کہ یہاں قصے مقصود نہیں، بلکہ ان سے سبق حاصل کرنا مقصود ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انبیاء علیہم السلام کی آزمائش، صبر، نصرت اورثابت قدمی کے جو واقعات اپنی کتاب میں بیان کئے ہیں، ان سے ہماری تعلیم اور اپنے دین پر ثابت قدمی مقصود ہے۔ قرآنی خطابات کو اپنے لئے فرض کرنے کی وجہ یہ ہے کہ قرآن پاک کسی ایک شخص کے لئے نازل نہیں ہوا، بلکہ تمام دنیا کے لئے شفاء، ہدایت، رحمت وپیغام خداوندی ہے، اسی لئے اللہ تعالیٰ نے تمام لوگوں کو نعمتِ کتاب پر شکر ادا کرنے کا حکم دیا، تمام لوگ قرآن کے مخاطب ہیں،اس لئے ہر شخص کو فرض کرنا چاہئے کہ قرآن کا مقصود میں ہوں۔

تیرہواں ادب: تأثّرِ قلبی …ایک ادب یہ ہے کہ قرآنی آیات سے متأثر ہو۔ جس طرح کی آیت تلاوت کرے، اس طرح کا تأثر دل میں ہونا چاہئے۔ اگر آیتِ خوف ہے تو خوف طاری کرے اور آیتِ حزن ہے تو غمگین ہوجائے، آیتِ رجاء ہے تو امید کی کیفیت پیدا کرے، جب جنت کا ذکر ہو تو دل میں اس کا شوق پیدا ہونا چاہئے، دوزخ کے بیان پر دل میں خوف کی کیفیت پیدا ہونی چاہئے، چنانچہ روایات میں ہے کہ سرکار دو عالم ﷺنے حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ سے فرمایا: قرآن سناؤ! حضرت ابن مسعودؓ فرماتے ہیں: میں نے سورۂ نساء کی تلاوت شروع کی، جب میں اس آیت پر پہنچا: ترجمہ:’’سو اس وقت بھی کیا حال ہوگا جبکہ ہم ہر ہر امت میں ایک ایک گواہ حاضر کریںگے اور آپ کو ان لوگوں پر گواہی دینے کے لئے حاضر لائیں گے‘‘۔ (سورۃ النساء:۴۱) تو آنحضرت ﷺ کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے، آپ ﷺ نے فرمایا: ’’ اب ٹھہر جاؤ‘‘۔ (بخاری شریف) آپ ﷺ کی یہ کیفیت اس لئے پیدا ہوئی کہ آپ کا قلب مبارک پوری طرح اس منظر کے مشاہدے میں مصروف تھا۔ غرض مؤمن کو تلاوت کے دوران ہر آیت کے مضمون کے مطابق اس طرح تأثر لینا چاہئے کہ اس کے ظاہر وباطن پر وہ اثر محسوس بھی ہو۔

چودھواں ادب: تلاوت میں اتنی ترقی وکمال حاصل کرے کہ گویا اپنے بجائے خود متکلم (اللہ عزو جل) سے اس کا کلام سن رہا ہے، پڑھنے کے تین درجات ہیں ۱…ادنیٰ درجہ یہ ہے کہ بندہ یہ تصور کرے کہ میں باری تعالیٰ کے سامنے دست بستہ کھڑا تلاوت کررہا ہوں اور باری تعالیٰ دیکھ رہا ہے اور سن رہاہے ۔ ۲…دوسرا درجہ یہ ہے کہ دل میں یہ احساس پیدا کرے کہ اللہ تعالیٰ اسے دیکھ رہا ہے اور اپنے لطف وکرم سے اسے مخاطب کررہا ہے اور اپنے انعام واحسان کا ذکر فرمارہا ہے۔ ۳…تیسرا درجہ یہ ہے کہ کلام میں متکلم کا اور کلمات میں صفات متکلم کا مشاہدہ کرے، اپنے اوپر اور اپنی قرأت پر نظر نہ رکھے،بلکہ فکر وخیال کا مرکز باری تعالیٰ کی ذات ہونی چاہئے، گویا وہ متکلم کے مشاہدے میں اس قدر مشغول ہے کہ اس کے علاوہ ہر شئے اس کی نگاہوں سے اوجھل ہوگئی ہے۔

پندرہواں ادب: خود کو ہیچ سمجھنا …اس کا مطلب یہ ہے کہ طاقت وقوت سے برأت کرتا رہے اور کسی بھی لمحہ اپنے نفس کو اہمیت نہ دے، مثلاً قرآن پاک کی وہ آیات پڑھے، جن میں نیک بندوں کی مدح کی گئی ہے تو یہ خیال نہ ہو کہ میں بھی ان میں شامل ہوں، بلکہ یہ سمجھے کہ یہ درجہ تو بہت بلند ہے اور اونچے لوگوں کا ہے، ان نیک بندوں میں اپنی شمولیت کی امید رکھتے ہوئے پڑھے اور جب وہ آیات پڑھے جن میں گناہ گار بندوں کا ذکر ہے اور عذاب سے ڈرایاگیا ہے تو یہ سمجھے کہ ان آیات کامیں بھی مخاطب ہوں۔ اس موقع پر اللہ کے غضب سے ڈرے اور فسق وفجور، کفر وشرک میں مبتلا ہونے سےاللہ کی پناہ مانگے۔ جو شخص دوران تلاوت اپنی کوتاہیوں پر نظر رکھے اور یہ خیال کرے کہ میں سرتاپا تقصیر ہوں تو اسےاللہ کا قرب نصیب ہوگا، جب قربِ خداوندی نصیب ہوا توگویا تلاوت کا مقصود بھی حاصل ہوگیا۔(احیاء علوم الدین امام غزالیؒ)

اسپیشل ایڈیشن سے مزید