• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف کی آف شور کمپنی ہے نہ کالے دھن سے اثاثے بنائے،ڈاکٹر امجد

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے بتایا ہے کہ اے پی ایم ایل کے سربراہ جنرل(ر)پرویز مشرف کو ان کے دبئی میں معالجین نے فوری طور پر امریکہ یا برطانیہ میں علاج کا مشورہ دیا ہے۔ بدھ کو ان کی آنے والی میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں ڈاکٹروں نے مشورہ دیا ہے کہ علاج میں مزید تاخیر خدانخواستہ نقصان کا باعث بن سکتی ہے اس لئے پرویز مشرف فوری طورپر امریکہ یا برطانیہ سے علاج کروائیں۔جنرل(ر)پرویز مشرف قومی دولت باہر لے کر نہیں گئے بلکہ لاکھوں ڈالرز باہر سے کما کر پاکستان لائے ہیں،پوری دنیا میں نہ تو ان کی کوئی آف شور کمپنی ہے اور نہ ہی انہوں نے کالے دھن سے اثاثے بنائے۔اگر کوئی ان کے نام پر بیرون ملک بینک اکائونٹس یا غیرقانونی اثاثے ثابت کرے تو وہ اثاثے اس کے نام کردئیے جائیں گے۔پارٹی سیکرٹری جنرل نے مرکزی شعبہ اطلاعات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2013میں جب جنرل(ر)پرویز مشرف کو ریڑھ کی ہڈی میں پہلی مرتبہ تکلیف ہوئی تھی تب بھی ڈاکٹروں نے انہیں یہی مشورہ دیا تھا۔ڈاکٹروں کی رائے کے مطابق اب مزید تاخیر کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ ہمارے پارٹی سربراہ کے علاج کے لئے باہر جانے پر واویلا کرنے والے بے بنیاد پروپیگنڈہ کررہے ہیں اور اپنی اپنی ذاتی منافرت کی بنیاد پر ان کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔پرویز مشرف تندرست ہوتے ہی وطن واپس آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پرویز مشرف  اپنے ایک لیکچر کا ایک سے ڈیڑھ لاکھ ڈالر وصول کرتے تھے۔دریں اثناء فخر درانی کا کہنا ہے کہ یہ خبر پہلے 2012 میں شائع ہوئی تھی اور کسی نے ان کے آف شور اکائونٹ اور رقوم کے حوالے سےرپورٹ پر اعتراض نہیں کیا تھا۔لہٰذا ادارہ  اس بات کی توثیق کرتا ہے کہ خبر کے متن میں موجود حقائق اور اعداد و شمار درست ہیں۔
تازہ ترین