لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تھیٹر مالکان اور فنکاروں نے پنجاب حکومت سے عیدالفطر پر تھیٹر کھولنے کی اجازت کی درخواست کردی۔اس حوالے سے تھیٹر مالکان اور فنکاروں سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے گورنر ہاؤ میں ملاقات کی اور تھیٹر سے منسلک افراد کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں فنکاروں میں نسیم وکی ، سرفراز وکی ، طاہر انجم، پرویز خان، آصف اقبال جبکہ تھیٹر پروڈیوسرز میں قیصر ثنااللہ ، ارشد چودھری، ملک طارق اور ندیم پہلوان شامل تھے۔دوران ملاقات وفد نے گورنر پنجاب چودھری محمدسرور کو تھیٹر کے مسائل سے آگاہ کیا۔ تھیٹرمالکان نے ایس او پیز کے مطابق عید پر تھیٹر کھولنے کی درخواست کردی۔گورنرپنجاب چودھری محمد سرور نے تھیٹر مالکان اور فنکاروں سے فیصلے کیلئے وقت مانگ لیا۔خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے کورونا کنٹرول کے اجلاس میں پنجاب بھر میں شاپنگ مالز اور پلازے صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوڈ کورٹس، اسٹالز، ریسٹورنٹس وغیرہ عید تک بند رہیں گے۔ ریسٹورنٹس عید کے بعد کھلیں گے اور دن اور اوقات کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دکانیں، کاروبار اور مارکیٹیں بھی صبح 9 بجے سے شام 5 تک کھولی جائیں گی۔