آپ آف لائن ہیں
جمعہ18؍ربیع الثانی 1442ھ 4؍دسمبر2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

بادام کے تیل کے8 حیرت انگیز استعمال

بادام صحت کے ساتھ خوبصورتی میں بھی بہت مفید ثابت ہوا ہے، بادام کا تیل آپ کی خوبصورتی میں اضافے سمیت جیب پر کافی سستا پڑتا ہے، اس تیل کو آپ اپنی 8 مہنگی بیوٹی پروڈکٹس کی جگہ استعمال کر کے بہترین نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔

ماہرین غذائیت کے مطابق خشک میوہ جات کا استعمال صحت اور خوبصورتی دونوں کے لیے نہایت مفید ہے مگر بادام کو باقی سب پر فوقیت حاصل ہے ، غذائی لحاظ سے بادام کے 100 گرام میں 579 کیلوریز پائی جاتی ہیں ، 21.15 گرام پروٹین ، 49.93 گرام فیٹ ، 21.55 گرام کاربوہائیڈریٹس، 12.50 گرام فائبر ، 4.35 گرام شوگر پائی جاتی ہے ۔

وٹامنز اور منرلز کے اعتبار سے بادام بھر پور میوہ ہے جس میں 269 ملی گرام کیلشیم ، 3.17 ملی گرام آئرن، 270 ملی گرام میگنیشیم ، 481 ملی گرام فورسفورس، 733 ملی گرام پوٹاشیم اور 25.63 ملی گرام وٹامن ای پایا جاتا ہے ۔

ماہرین کے مطابق بادام ایک مکمل غذائیت والا میوہ ہے جس کے استعمال سے مجموعی صحت اور خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے، خوبصورتی میں اضافے کے لیے بادام کا استعمال کیسے کیا جائے ؟

بادام کا تیل بہترین قدرتی موسچرائزر

بادام کے تیل میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ پائے جانے کے سبب یہ ایک بہترین قدرتی موسچرائزر ہے جس کا استعمال بالوں اور چہرے کے لیے نہایت مفید ہے، چند قطرے بادام کا تیل روزانہ چہرے پر لگانے سے رنگت گوری، صاف ہو جاتی ہے جبکہ سورج کی مضر شعاؤں سے جل جانے والی جلد کو بھی دوبارہ سے صحت مند ہونے میں مدد ملتی ہے ۔

میک اپ ریموور

کیمیکل سے بنے مہنگے ’مائیسیلرز‘ سے میک اپ صاف کرنے کے بجائے بادام کا تیل استعمال کریں ، اپنے پورے چہرے پر بادام کا تیل لگائیں اور ہلکے ہاتھ سے مساج کریں اور چہرے کو ویٹ وائپ یا ٹشو سے صاف کرنے کے بعد چہرہ کسی اچھے فیس واش سے دھو لیں، اس طرح آپ کے پیسے بھی بچیں گے اور جلد خشک بھی نہیں ہوگی ۔

اینٹی ایجنگ کریم

اومیگا تھری ایسڈ اور وٹامن اے کے استعمال سے جلد کو جھڑیوں سے بچایا جا سکتا ہے ، بادام کے تیل میں یہ دونوں اجزا بھاری مقدارمیں پائے جاتے ہیں ، رات سونے سے قبل بادام کا تیل چہرے اور گردن پر لگانے کو معمول بنا لیں ، چند ہفتوں میں آپ کی جلد خوبصورت جوان نظر آئے گی ۔

انڈر آئی کریم

بہت ساری کاسمیٹک کمپنیاں انڈر آئی کریم بناتی ہیں جن کے استعمال سے آنکھوں کے گرد سیاح حلقے ختم ہونے کے دعوے کیے جاتے ہیں مگر بھاری بھر کم قیمت ادا کرنے کے بعد بھی یہ مسئلہ جوں کا توں رہتا ہے ، بادام کے تیل میں اس پریشانی کا بھی حل موجود ہے، اس کے استعمال سے آنکھوں کے گرد سیاح حلقے اور آئی بیگز کی شکایت دور ہو جاتی ہے ۔

ہونٹوں کے لیے بہترین بام

جن افراد کو سردیوں سمیت گرمیوں میں بھی ہونٹ پھٹنے اور خشک رہنے کی شکایت ہوتی ہے انہیں بیوٹی پروڈکٹس چھوڑ کر ایک بار بادام کا تیل ضرور آزمانا چاہیے، بادام کے تیل میں موجود وٹامن ای ہونٹوں کے لیے نہایت مفید ہے، یہ سستا حل بھی ہے اور علاج بھی ۔

داغ دھبے مٹانے میں معاون

وٹامن ای سے بھرپور بادام کے تیل کے استعمال سے جلد پر ایکنی ، کیل مہاسوں کے نتیجے میں بننے والے زخم، اسکارز، داغ دھبوں کو بھرنے میں مدد ملتی ہے اور جلد کے نئے خلیے تیزی سے بنتے ہیں ۔

سن اسکرین آئل

مارکیٹ میں مہنگے ترین سن اسکرین لوشن دستیاب ہیں، مگر ان کے استعمال سے کوئی بھی مطمئن نظر نہیں آتا، بادام کا تیل قدرتی طور پر سورج کی مضر شعاؤں سے جلد کو بچاتا ہے، سورج کی شعائیں یعنی ’ الٹرا وائلٹ ریز ‘ سے بچاؤ کے لیے گھر سے باہر جاتے ہوئے 2 سے 3 قطرے بادام کا تیل چہرے پر لگائیں ، 15 منٹ بعد کسی سوتی کپڑے کو جلد پر رکھیں اسے ہلکا ہلکا دبائیں تا کہ اضافی تیل کپڑے میں جذب ہو جائے، اب آپ بلا خوف باہر جا سکتے ہیں ۔

بالوں کی خوبصورتی کے لیے ’ آل ان ون ‘ تیل

بالوں کو سلکی، اسموتھ، سلجھانے اور خوبصوت بنانے کے لیے بیوٹی پالر سے مہنگے ٹریٹمنٹ لیے جاتے ہیں ، مگر کچھ ہی عرصے میں پیسے ضائع اور بالوں کی صحت پہلے سے بھی خراب ہو جاتی ہے ۔

لمبے، چمکدار، گھنے اور سلجھے ہوئے بالوں کے لیے بادام کے تیل کا استعمال معمول بنا لیں ، بہترین نتائج کے لیے ہفتے میں 2 بار بادام کے تیل سے بالوں کی جڑوں سے لے کر سروں تک مساج کریں اور 30 منٹ کے لیے سر پر نیم گرم پانی میں بھیگا ہوا تولیہ لپیٹ لیں، 30 منٹ بعد بال شیمپو کر لیں، اس کے بہترین نتائج آپ کو حیران کر دیں گے ۔

صحت سے مزید