وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی زیر صدارت کوئٹہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹینٹ جنر ل محمد افضل، وفاقی وزیر زبیدہ جلال اور ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں بلوچستان میں کورونا وائرس کی صورتحال اور حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کورونا وائرس کے معیشت اور روزگار پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹینٹ جنر ل محمد افضل نے بتایا کہ این ڈی ایم اے کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھانے میں تعاون کرے گی۔
اجلاس میں صوبائی محکموں اور یو این اداروں کے درمیان قریبی روابط کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ پاکستان میں مغربی ممالک کی نسبت کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہے، بلوچستان کو صحت اور غذائیت کے حوالے سے مسائل درپیش ہیں۔