• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی مل کی انتظامیہ میں شامل نہیں، مونس الٰہی، ہمیشہ شفاف کاروبار کیا، جواب دوں گا، جہانگیرترین

ہمیشہ شفاف کاروبار کیا، جواب دوں گا، جہانگیرترین


اسلام آباد(ایجنسیاں )مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی نے کہا ہے کہ وہ کسی شوگرمل کی انتظامیہ میں شامل نہیں ‘پی ٹی آئی رہنماءجہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ شفاف کاروبار کیا ‘تمام الزامات کا جواب دے کر خود کو سچا ثابت کروں گا۔

شاہدخاقان عباسی کے مطابق عمران خان نے خود کو اور اپنی کابینہ کو بچانے کے لئے رپورٹ کا سرکس لگایا جبکہ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اومنی گروپ کو سبسڈی دینے کا الزام مسترد کردیا ۔ 

تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین نے چینی بحران پرفرانزک رپورٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا ۔ اپنے بیان میں جہانگیر ترین نے کہاہے کہ پورا ٹیکس ادا کرتا ہوں اور خود پر لگے تمام الزامات کا جواب دے کر خود کو سچا ثابت کروں گا‘میں اپنے تمام تر ٹیکس ایمانداری سے ادا کرتا ہوں مجھ پر کاروبار کے لئے دو طرح کے کھاتے بنانے کا الزام سرا سر جھوٹ پر مبنی ہے۔

پورا پاکستان جانتا ہے میں اپنے کسان کو گنے کی پوری قیمت ادا کرتا ہوں‘ میں نے ہمیشہ دیانت داری سے کاروبار کیا ہے۔

ایف آئی اے رپورٹ میں مجھ پر لگائے گئے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی نے کہا ہے کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ کسی شوگر مل کے بورڈ یا مینجمنٹ میں شامل نہیں ہوں‘ کمیشن کی قانون سازی کے لیے سفارشات کی حمایت کرتا ہوں۔ 

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میڈیا پر تماشہ لگا کر عمران خان کو این آر او دینے کی ناکام کوشش ہے ۔ 

ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ میڈیا پر سرکس میں اصل چینی چور وزیراعظم عمران خان اور عثمان بزدارکا ذکر تک نہیں‘ایک اور جھوٹی پریس کانفرنس میں عمران خان کی چوری چھپانے کی تفصیل بیان کی گئی‘تمام فیصلوں کی منظوری دینے والے عمران خان، حفیظ شیخ، اسد عمر اور بزدار اصل چینی چور ہیں۔

انہیں گرفتا رکیاجائے ،سچ یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چینی برآمد کی اس وقت اجازت دی جب ملک میں چینی کی قلت تھی‘سچ یہ ہے کہ مارکیٹ میں چینی کی قیمت برھانے کی اجازت عمران خان اور ان کی کابینہ نے دی،سچ یہ ہے کہ عمران خان نے خود کو اور اپنی کابینہ کو بچانے کے لئے رپورٹ کا سرکس لگایا۔

عمران خان کو بچانے کے لئے ایف آئی اے اور حکومتی اختیار کا بدترین استعمال ہوا،رپورٹ پڑھنے کے بعد اور مشاورت کے ساتھ مسلم لیگ ن اگلے لاعمل کا فیصلہ کرے گی‘مسلم لیگ ن اتنی آسانی سے چینی چور وزیراعظم کو بھاگنے نہیں دے گی۔

پیپلز پارٹی (پی پی پی)نے حکومت کی جانب سے جاری کردہ چینی بحران انکوائری رپورٹ کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کسی کو بچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

اومنی گروپ کو سبسڈی دینے کا الزام مستردکرتے ہیں ‘ آخری مرتبہ سندھ حکومت نے دسمبر 2017 میں شوگر ملز کو سبسڈی دی تھی ، انکوائری کمیشن کو 2019 اور 2020 کے حوالے سے تحقیق کرنا تھی۔

تازہ ترین